2028ء میں بھی کے فور کے تحت کراچی والوں کو پانی ملنے کا امکان نہیں، منعم ظفر
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، 6 ہزار روپے سے زائد کا ٹینکر فروخت کیا جارہا ہے جبکہ آبی جارحیت پیپلز پارٹی نے کراچی پر مسلط کی ہوئی ہے، پورے سسٹم کی خرابی میں پولیس مکمل طور پر ملوث ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ 2028ء میں بھی کے فور کے تحت کراچی والوں کو پانی ملنے کا امکان نہیں۔ منعم ظفر نے ادارۂ نورِ حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کیخلاف جنگ میں کامیابی پر افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔ منعم ظفر نے کہا کہ قوم اس جنگی صورتحال میں افواج پاکستان کی پشت پر موجود تھی، قوم میں ایسا جذبہ پیدا ہوگیا کہ سب یکجا ہوگئے۔ شہر کے حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ روزانہ لاشیں اٹھا رہے ہیں، 42 نوجوان اسٹریٹ کرمنلز کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، اس پورے سسٹم کی خرابی میں پولیس مکمل طور پر ملوث ہے۔ پانی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ 2028ء میں کے فور کے تحت کراچی والوں کو پانی ملے گا، شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 ہزار روپے سے زائد کا ٹینکر فروخت کیا جارہا ہے جبکہ آبی جارحیت پیپلز پارٹی نے کراچی پر مسلط کی ہوئی ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کرتے ہوئے نے کہا کہ
پڑھیں:
شہباز اسپیڈ اگر پنجاب کے لیے ہو تو کراچی کے لیے کیوں نہیں؟ بلاول بھٹو کا سوال
کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بات پنجاب کی ہو تو “شہباز اسپیڈ” تیز ہوتی ہے، لیکن کراچی کی باری آتے ہی رفتار سست پڑ جاتی ہے، جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔
نیو حب کینال منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کے فور منصوبے کے لیے وزیراعظم سے شہباز اسپیڈ کی درخواست کی تھی، لیکن کراچی کے لیے وہ تیزی دکھائی نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہمیشہ دہشتگردی، نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، اور آج یہاں کی صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں مل کر عوام کی خدمت کر رہی ہیں، جس کے مثبت اثرات نظر آ رہے ہیں۔
کراچی کے لیے ترقیاتی کاموں کی فہرست
بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ حب ڈیم سے پانی کی فراہمی کے لیے نئی کینال کا افتتاح کر دیا گیا ہے، جس سے کراچی کو اضافی پانی میسر آئے گا۔
انہوں نے عوام کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے ہمیں میئرز کی صورت میں قیادت دی، اور ہم عوامی خدمت سے اس اعتماد کا جواب دے رہے ہیں۔
بلاول نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ کے فور سمیت کراچی کے لیے کیے گئے وعدے پورے کریں، کیونکہ شہری مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
سیاست، سکیورٹی اور بھارت کی طرف اشارہ
بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں سیاسی مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے نفرت اور انتہا پسندی کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ ہم صرف خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے بھارت پر بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ جب بھارت نے نیتن یاہو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا، تو ہم نے نہ صرف بھرپور جواب دیا بلکہ سفارتی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑنے کی کوشش کرتا ہے، تو پاکستان ہر سطح پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا “بلاول اسپیڈ” پر زور
تقریب میں موجود میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی وفاق پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ شہباز اسپیڈ نے کراچی کے لیے دو سال میں کچھ نہیں کیا، لیکن سب نے ‘بلاول اسپیڈ’ دیکھ لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حب کینال منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی، جو 11 ماہ میں مکمل کر لیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے فور منصوبے کے لیے بلاول بھٹو نے خود وزیراعظم سے بات کی، مگر افسوس کہ اسے نظرانداز کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا ہم بلاول کے وعدے نبھا رہے ہیں۔ مواچھ گوٹھ تک پانی پہنچانا ہماری ترجیح ہے۔
مستقبل کے منصوبے
میئر کراچی نے بتایا کہ30 اپریل تک شہر میں دو انڈرپاس اور ایک فلائی اوور مکمل ہو جائیں گے جبکہ کراچی سے کاٹھور تک سڑک دسمبر تک مکمل کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کا یہ سفر بلا تعطل جاری رہے گا۔