ترک سفیر کا الخدمت فاؤنڈیشن کے دفتر کا دورہ، فلاحی خدمات کی تعریف
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
اسلا م آباد:پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، نائب صدور محمد عبدالشکور، سید احسان اللہ وقاص، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ اور دیگر ذمہ داران نے مہمانان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سفیر ترکیہ کو الخدمت کے مرکزی دفتر کا تفصیلی دورہ کروایا گیا اور انہیں الخدمت کی ملک و بیرون ملک فلاحی سرگرمیوں، جاری منصوبوں اور رضاکارانہ خدمات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور ترک تنظیموں کے ساتھ اشتراک الخدمت کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ ترکیہ کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے الخدمت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے جھنڈے کی طرح ہمارے دل بھی ایک جیسے ہیں۔
انہوں نے الخدمت کے ساتھ فلاحی میدان میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، خاص طور پر نوجوان نسل کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈاکٹر اوغلو نے ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران الخدمت کے رضاکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر انہوں نے الخدمت کا رضاکار بننے کے لیے خود کو باقاعدہ رجسٹر کروایا اور مستقبل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر صدر الخدمت نے معزز مہمان کو اعزازی شیلڈ، مینارِ پاکستان کا علامتی ماڈل اور پاکستانی ثقافت کی نمائندہ چادر و ٹوپی پیش کی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نے الخدمت الخدمت کے
پڑھیں:
سیدنا علی ہجویریؒ فخر الاولیاء، خدمات مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں : عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا عبدالخبیر آزاد نے بادشاہی مسجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کائنات اور سارے جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ دنیا کی تمام مشکلات و مسائل کا حل سیرت نبوی کی پیروی میں ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ امام الاولیاء حضرت علی ہجویریؒ کی دین اسلام کیلئے خدمات تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ سیدنا علی ہجویریؒ فخر الاولیاء، عالم باعمل اور ولی کامل تھے۔ آپ کی صفات سے بندگان خدا کو فیض پہنچا۔ آپ نے خطے کو اسلام کے نور سے منور کیا۔ آپ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور ذکر و فکر کی طرف گامزن کیا۔ آج لاکھوں انسان آپ کے عرس کی سالانہ تقریب میں آنا اپنے لیے شرف سمجھتے ہیں۔ عرس کے حوالے سے محکمہ اوقاف اور انتظامیہ کی طرف سے جو انتظامات کیے گئے وہ قابل تحسین ہیں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا جشن آزادی اور فتح معرکہ حق کا جشن پورے پاکستان میں ملی جذبے سے منایا گیا۔ دینی مدارس و مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔ پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور شہداء پاکستان کو خراج عقیدت و سلام پیش کیا گیا۔ آخر میں سیدنا علی ہجویریؒ کی بلندی درجات کیلئے دعا مغفرت اور پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔