فلسطینیوں کی جبری منتقلی کا منصوبہ؟ سعودی عرب نے دو ٹوک جواب دے دیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
بغداد (ویب ڈیسک): سعودی عرب نے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
یہ بیان عرب لیگ کے بغداد میں ہونے والے اجلاس کے دوران سعودی وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ عادل الجبیر نے دیا۔
عادل الجبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور عام شہریوں پر حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام ممالک کو مل کر فلسطینی عوام کے مصائب کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ سعودی عرب نے اس بات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا کہ فلسطینیوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال کر کسی اور ملک میں آباد کیا جائے۔
سعودی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس کی سرحدیں 1967 کی بنیاد پر ہوں اور جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا نے انکشاف کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ غزہ کے لاکھوں فلسطینیوں کو لیبیا میں مستقل طور پر آباد کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی تھی۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
خالد مقبول صدیقی کا اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے پنجاب اسمبلی کی حمایت کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے مقامی حکومتوں کے ڈھانچے کو آئینی حیثیت دینے اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لئے پنجاب اسمبلی کی قرارداد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوتی ہے جب عوام کو بنیادی سہولیات اور اختیارات ان کی اپنی سطح پر دستیاب ہوں۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے وفاقی حکومت کو بھجوائی گئی مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق قرارداد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی منظور شدہ قرارداد اب پارلیمنٹ کی منظوری کی متقاضی ہے تاکہ ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بااختیار مقامی حکومتیں قائم کی جا سکیں۔ وفد میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سمیت اراکین اسمبلی احمد اقبال، راجہ شوکت بھٹی، افتخار احمد چھچر اور طارق گل بھی شامل تھے۔