سورج آگ برسانے لگا، پورا ملک گرمی کی لپیٹ میں آگیا، ہیٹ ویو الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی، لاہور سمیت پورا ملک گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے، گرمی سے سڑکوں کی سطح پگھلنے لگی ہے اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت کے پیش نظر ہیٹ ویو کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 مئی تک صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے جو ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، آئندہ دو سے تین روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، راولپنڈی میں درجہ حرارت 41، لاہور میں 45، ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولپور، نواب شاہ 46، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور سکھرمیں 47 درجہ حرارت ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور سر کو ڈھانپنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔
ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، صوبے کے جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں صوبے میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اور قلات میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 اور ژوب میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے اور تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Post Views: 2.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ڈگری سینٹی گریڈ محکمہ موسمیات ہیٹ ویو گیا ہے
پڑھیں:
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا مون سون کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم
وزیراعلی مراد علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، آبپاشی حکام، محکمہ صحت، امدادی اداروں اور مقامی حکومت کے اداروں کو مکمل طور پر چوکس رہنے، ہنگامی ردعمل کی ٹیموں کو تیار رکھنے، نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو احتیاطی اور ہنگامی ردعمل کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ بحیرہ عرب سے آنے والے مون سون کے طاقتور ہوائی سلسلے صوبے کو متاثر کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق، پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی پیش گوئی کی بنیاد پر ملک میں داخل ہونے والے مون سون کے طاقتور ہوائی سلسلے، بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرنے والے مغربی موسمی نظام کے ساتھ مل کر، 23 جولائی سے 25 جولائی تک سندھ کے کئی اضلاع میں وسیع پیمانے پر بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
وزیراعلی مراد علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، آبپاشی حکام، محکمہ صحت، امدادی اداروں اور مقامی حکومت کے اداروں کو مکمل طور پر چوکس رہنے، ہنگامی ردعمل کی ٹیموں کو تیار رکھنے، نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ڈویژنل کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ نشیبی علاقوں، شہری مراکز اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کریں، امدادی سامان اور آلات کی دستیابی یقینی بنائیں اور موسمیاتی پیش گوئی کی مدت کے دوران تمام محکموں کے درمیان بلاتعطل رابطہ برقرار رکھیں۔