لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
لاہور:
لاہور سمیت پورا پنجاب گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے جہاں سورج گویا آگ کے گولے برسا رہا ہے۔ سڑکوں کی سطح پگھلنے لگی ہے اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت کے پیش نظر ہیٹ ویو کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 مئی تک صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے جو ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور سر کو ڈھانپنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہیٹ ویو
پڑھیں:
اسموگ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، قومی ادارہ صحت کا انتباہ
فائل فوٹو۔قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اسموگ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد سے قومی ادارہ صحت نے اسموگ کے حوالے سے انتباہ جاری کرتے ہوئے اس سے بچاؤ کےلیے ایڈوائزری جاری کر دی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فضا میں زہریلے مادے اور سردی مل کر نمونیا پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں، فضائی آلودگی سے بچوں، عمر رسیدہ افراد اور مریضوں کو زیادہ خطرہ ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے اسموگ سے دو چار ہونے کا خدشہ ہے۔ لاہور میں فضائی الودگی زیادہ ہے، شہریوں کو احتیاط کی ضرورت ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ملک بھر ہیلتھ اتھارٹیز اور ماہرین، اسموگ کے حوالے سے ضروری اقدامات کریں۔ اسموگ میں بچے زیادہ دیر گھر سے باہر رہنے سے اجتناب برتیں اور اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں ماسک کا استعمال کریں۔