بھارت بھول گیا تھا پاکستانی قوم اور افواج کبھی نہیں جھک سکتے، ترجمان پاک فوج
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ دشمن نے ہمیں ڈرانے کے لیے 9 اور 10 مئی کی شب مزید میزائل داغے لیکن بھارت بھول گیا کہ پاکستان کی قوم، اس کی افواج نہ کبھی جھکتی ہیں اور نہ جھکائی جا سکتی ہیں۔
آر ٹی عریبیہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاک بھارت تناؤ کو سمجھنے کے لیے اس کے پس منظر میں جانا ضروری ہے۔ بھارت اس خطے میں، خاص طور پر پاکستان میں، دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور بھارت حقیقت چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلگام واقعے کے چند منٹ بعد ہی بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا، بھارتی ترجمانِ خارجہ نے دو دن بعد تسلیم کیا کہ تفتیش ابھی جاری ہے۔ بغیر تفتیش اور شواہد کے الزامات لگانا کہاں کی دانشمندی ہے؟
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے واضح موقف اپنایا کہ کوئی ثبوت ہے، تو اسے کسی غیر جانبدار ادارے کو دیا جائے، ہم تعاون کے لیے تیار ہیں۔ بھارت نے اس منطقی پیشکش کو رد کر دیا اور یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے ہماری مساجد پر میزائل داغے، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں جاری دہشت گردی کا اصل سرپرست ہے، چاہے وہ خوارج ہوں یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروہ۔ افواجِ پاکستان کو جو مقدس ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کا تحفظ ہے۔ ہم نے یہ ذمہ داری پوری کی اور ہر قیمت پر کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے نہایت بالغ نظری سے کام لیتے ہوئے فوری، سخت اور مؤثر جواب دیا جس سے دشمن کو حقیقت کا سامنا کرنا پڑا۔ 6 اور 7 مئی کی رات کو بھارت نے حملہ کیا، میزائل فائر کیے، جس کے بعد ہماری فضائیہ نے ان کے 5 طیارے مار گرائے، قوم اور افواجِ پاکستان ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمیں ڈرانے کے لیے 9 اور 10 مئی کی شب مزید میزائل داغے اور 10 مئی کی صبح ہم نے جواب دیا، نہایت ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ صرف ان کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ ایک بھی شہری ہدف کو نقصان نہیں پہنچایا یہ ایک مناسب، منصفانہ اور متوازن جواب تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے خود آ کر جنگ بندی کی درخواست کی۔ ہم امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، تو ہم نے کہا کہ کیوں نہیں؟ ہماری سفارتی کور نے زبردست کام کرتے ہوئے انتہائی فہم و فراست سے، غیر معمولی انداز میں عالمی برادری کو انگیج کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم پرتشدد قوم نہیں بلکہ ایک سنجیدہ قوم ہیں اور ہماری پہلی ترجیح امن ہے۔ امریکا جیسی بڑی اور سمجھدار طاقتیں، بہتر انداز میں سمجھتی ہیں کہ پاکستان کے عوام کا جذبہ کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کے لیے مئی کی
پڑھیں:
غیرقانونی پاکستانی دستاویزات سے سعودی ویزا حاصل کرنیکی کوشش کرنیوالے 5 افغانی گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے والے 5 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسمگلنگ سرکل نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے افغان شہری غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے، افغان شہریوں کو دبگڑی میں واقع نجی ہوٹل سے گرفتار کیاگیا، گرفتار ملزمان میں علی خان، اجمل، قاسم، احمد اور حمزہ شامل ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے افغان دستاویزات اور پاکستانی شناختی کارڈ برآمد کیا گا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان غیرقانونی راستے سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے، ملزمان نے جعلسازی سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی حاصل کیا تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ پاکستانی دستاویزات پر انہوں نے سعودی عرب کا ورک ویزا حاصل کرنا تھا۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔