ایک اورنجی ایئرلائن کو بنگلہ دیش اورپاکستان کے درمیان براہ راست پرواز وں کی اجازت مل گئی
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
ڈھاکہ:بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فلائی جناح کے بعد ایک اور پاکستانی ایئرلائن ’’ایئرسیال‘‘ کو بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی۔
بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین ایئر وائس مارشل محمد منجور کبیر بھویان نے ایک انٹرویومیں کہاکہ ہم نے ایئرسیال کو بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان براہ راست پرواز چلانے کی کلیئرنس دے دی اس حوالے سے ہم نے سول ایوی ایشن اور سیاحت کی وزارت کو خط بھیج دیا ۔ معیاری طریقہ کار کے مطابق اب ایئرسیال بنگلہ دیش میں ایک جنرل سیلز ایجنٹ مقرر کرے گی اور فلائٹ سلاٹس کے لیے درخواست دے گی۔
حکام کے مطابق ایئرسیال نہ صرف بنگلہ دیش اور پاکستان کو جوڑے گی بلکہ بنگلہ دیشی مسافروں کو اپنی نیٹ ورک کے ذریعے خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ کے ممالک تک بین الاقوامی پروازوں کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔
ایئرسیال، جو چھ ایئربس طیاروں پر مشتمل ایک نجی ایئرلائن ہے اور سیالکوٹ، پاکستان میں قائم ہے، نے اگست 2015 میں اپنے فضائی آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔
اس سے قبل فروری میں بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کی نجی ایئرلائن فلائی جناح کو کراچی-ڈھاکہ روٹ پر براہ راست پروازوں کی اجازت دی تھی۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر برائے پاکستان محمد اقبال حسین نے کہا تھا کہ اگر منظوری مل گئی تو ایئرسیال دو ماہ کے اندر ڈھاکہ کے لیے پروازیں شروع کر سکتی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلائی جناح اس وقت اپنے فلیٹ کو وسعت دینے کے عمل میں ہے۔
پاکستان کی سرکاری ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 2018 میں اپنی پروازیں بند کر دی تھیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بنگلہ دیش اور سول ایوی ایشن اور پاکستان براہ راست
پڑھیں:
چین کا جدید ترین ڈرون اپنی پہلی پرواز کے لیے تیار
سات ہزار کلومیٹر تک مسلسل سفر کرنے والا لڑاکا صلاحیت کا حامل چین کا جدید ڈرون ’جیوتیان‘ جون میں اپنی پہلی پرواز کے لیے تیار ہے۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے اس مشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ پرواز پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کی UAV آپریشنل رینج کو وسعت دینے کی طرف پہلا قدم ہے۔
آسمانوں کی وسعت کا طاقتور جنگی پلیٹ فارم قرار دیئے جانے والے ’جیو تیان‘ کا مطلب "بلند آسمان" ہے جو 50 ہزار فٹ کی بلندی تک طویل فاصلے (7 ہزار کلومیٹر) تک پرواز کرنے والا ڈرون ہے۔
جیوتیان کا وزن 16 ٹن ہے جس میں 6 ٹن تک اسلحہ اور چھوٹے ڈرونز شامل کیے جا سکتے ہیں اور یہ ایک ساتھ 100 چھوٹے ڈرونز چھوڑ سکتا ہے۔
کئی ڈرونز ایک ساتھ حملہ آور ہوکر دشمن کے فضائی دفاع کو مفلوج کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
جیو تیان کی خاص بات یہ بھی ہے یہ نہ صرف لڑاکا مشن بلکہ انٹیلیجنس، نگرانی، الیکٹرانک وار فیئر، بارڈر سیکیورٹی، سمندری نگرانی، ایمرجنسی ریسکیو اور دیگر سیکیورٹی ذمہ داریوں کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔
جیوتیان کو پہلی بار گزشتہ سال چین کے معروف ژوہائی ایئر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا جسے بغیر پائلٹ کے فضائی جنگی صلاحیتوں میں انقلابی قدم مانا جا رہا ہے۔