( اورنگی اور کورنگی میں واقعات ) ڈکیتی مزاحمت پر 2 نوجوان قتل، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
جوس سینٹر کے ملازم نے ڈاکوؤں کے سامنے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی
رواں سال اب تک ایسی وارداتوں میں 45 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں،پولیس رپورٹ
شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ اورنگی ٹاؤن اور کورنگی میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ایسی وارداتوں میں 45 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔پولیس کے مطابق پہلا واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈسکو موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں جوس سینٹر پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 20 سالہ عابد جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، مگر اہل خانہ اور دکان کے مالک کے مطابق اسپتال میں بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث عابد جانبر نہ ہو سکا۔واردات کے دوران دکان میں موجود ایک شہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا، جس کی شناخت محمد عدنان علی کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔دوسرا افسوسناک واقعہ کورنگی میں پیش آیا، جہاں 30 سالہ فیصل محمود کو بچوں کو اسکول سے لینے کے لیے جاتے ہوئے ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گولی نوجوان کی آنکھ میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ فیصل ایک مقامی مسجد کے موذن کا بیٹا تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فیصل موقع پر تڑپتا رہا، مگر ڈاکو موٹر سائیکل لیکر فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا دعویٰ کیا ہے اور شہر میں موٹر سائیکل چھیننے والے گروہوں کی دوبارہ سرگرمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: پولیس کے مطابق
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق
کراچی:شہرِ قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے.
پہلا واقعہ بلدیہ ٹاؤن کی نواب کالونی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان افتخار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
لواحقین کے مطابق مقتول افتخار موبائل مارکیٹ میں کام کرتا تھا اور پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
وہ گزشتہ روز بھی دکان پر گیا تھا اور شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دکان سے جلدی نکلا تھا۔
راستے میں ڈاکوؤں نے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم افتخار نے اسلحہ دیکھ کر رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی تو ملزمان نے سر پر گولی ماردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور اہلِ علاقہ نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسرا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ عبداللہ جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا کے مطابق مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔