اسلام آباد میں سنسنی خیز پولیس مقابلہ، اغواء شدہ افراد ڈیرے سے بازیاب، 8 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے اغواء ہونے والے دو مغوی افراد کو اسلام آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس نے اغواء اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث آٹھ ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمرہ جات اور انسانی ذرائع کا مؤثر استعمال کیا گیا۔ خفیہ اطلاع پر تھانہ کرپا کی حدود میں ایک ڈیرے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں مغویوں کو رکھا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا کارلفٹرز گینگ کیساتھ مقابلہ 3ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس ریڈنگ پارٹی پر فائرنگ کر دی، تاہم پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت خود کو محفوظ رکھا۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے اس کامیاب کارروائی پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ برآمد
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ایک محنتی، پروفیشنل اور جدید وسائل سے لیس فورس ہے، جو عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
ڈی آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ شہر کو جرائم سے پاک رکھا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسلام آباد
پڑھیں:
اسلام آباد: 1 ارب سے زائد کی جعلی بینک گارنٹیز تیار کرنیوالے 3 ملزمان گرفتار
فائل فوٹووفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی بینک گارنٹیز تیار کرنے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کیخلاف 30 جون کو ایف آئی آر درج کی گئی، تینوں ملزمان پر جعلی بینک گارنٹیز تیار کرنے کا الزام ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی بینک گارنٹیز مختلف سرکاری اداروں کے لیے تیار کی گئی تھیں، 14 جعلی بینک گارنٹیز کی مالیت 1.16 ارب روپے ہے، ملزمان نے غیر قانونی طور پر 16 کروڑ 49 لاکھ روپے کمیشن حاصل کیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔