حکومت پنجاب نے بھارتی حملے کے شہدا کے لواحقین، زخمیوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
لاہور (نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب نے بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں کیلئے امدادی فنڈز جاری کر دیئے۔
وزیراعظم پاکستان نے امدادی پیکیج کی منظوری دی تھی، حکومت پنجاب نے 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو فنڈز جاری کر دیے۔
فنڈز کو شہداء ، شدید زخمی اور معمولی زخمی کی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے، بھارتی حملے میں شہید شہریوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کی امداد دی جائے گی۔
بھارتی حملے سے شدید زخمی ہونے والے شہریوں کو 20 لاکھ جبکہ معمولی زخمی افراد کو 10 لاکھ روپے امداد ملے گی۔
قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر امدادی رقوم کی تقسیم کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائیں گے۔
Post Views: 3.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ جاری
لاہور:لاہور سمیت پورا پنجاب گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے جہاں سورج گویا آگ کے گولے برسا رہا ہے۔ سڑکوں کی سطح پگھلنے لگی ہے اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت کے پیش نظر ہیٹ ویو کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 مئی تک صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے جو ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور سر کو ڈھانپنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔