بھکر؛ شادی میں شرکت کیلیے آنے والی 4 سالہ ننھی بچی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
بھکر:
سلیمان چوک، چاہ خصوریاں والا، شہانی نوانی روڈ کے قریب ایک المناک واقعے نے خوشیوں بھرے گھر کو ماتم کدے میں تبدیل کر دیا۔ لاہور سے اپنی خالہ کی شادی میں شرکت کے لیے آنے والی 4 سالہ ننھی بچی جنت، کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جنت دختر فرمان علی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زندگی کی بازی ہار چکی تھی۔ اس دلخراش حادثے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بچی کھیلتے ہوئے اچانک کھلے مین ہول میں جا گری، جہاں فوری ریسکیو کے باوجود اسے نہ بچایا جا سکا۔ ننھی جان کی موت نے شادی والے گھر میں کہرام برپا کر دیا ہے جہاں قہقہوں کی جگہ آہیں گونج رہی ہیں۔
اہلِ علاقہ اور متاثرہ خاندان نے ڈپٹی کمشنر بھکر سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں جگہ جگہ کھلے مین ہولز عوام کے لیے جان لیوا خطرہ بن چکے ہیں، جن کی مرمت اور حفاظت کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے۔
ننھی جنت کی میت کو آبائی گھر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ہر آنکھ اشکبار ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کر دیا
پڑھیں:
آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے میڈیا کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے انتخابات 2026 کے لیے نیا میڈیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، پالیسی کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت، غیرجانبداری اور ذمہ دارانہ صحافتی روایات کو یقینی بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام میڈیا اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی کوریج کے دوران مکمل غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر صرف مجاز میڈیا نمائندوں کو کوریج کی اجازت ہوگی تاہم پولنگ بوتھ کے اندر ووٹنگ کی خفیہ کارروائی کی کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ یا فوٹوگرافی سختی سے ممنوع ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ ختم ہونے سے قبل کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول، نتائج یا رجحانات نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد نشر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
اسی طرح غلط، غیر مصدقہ یا گمراہ کن معلومات نشر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا۔تمام امیدواروں کو انتخابی کوریج میں مساوی اور منصفانہ نمائندگی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ میڈیا ادارے کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
کمیشن نے تمام میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کے اعتماد اور شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔