کراچی: لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن میں 103 طلباء کو ڈگریاں تفویض
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
کراچی:
لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کا 10 واں سالانہ کانووکیشن ہفتے کو لیاقت کالج میں منعقد ہوا جس میں ایم بی بی ایس سال 2024 کے 103 گریجویٹ طلباء کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
کانووکیشن میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر مریم، دوسری ڈاکٹر ملائیکہ اور تیسری ڈاکٹر علینہ امین محمد نے حاصل کی جبکہ ڈاکٹر منال ارشد ملک کو بہترین گریجویٹ کے اعزاز میں ”واجد علی شاہ میڈل“ سے نوازا گیا۔
کانووکیشن کے مہمان خصوصی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے طالبعلموں کو اسناد تفویض کیں۔
تقریب میں لِیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی، کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر کریم اللہ مکی سمیت دیگر فکلیٹی اراکین اور طلباء و طالبات اور ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، رجسٹرار جناح یونیورسٹی ڈاکٹر اعظم خان اور لیاقت نیشنل اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا کہ فارغ و التحصیل طلباء وطالبات دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں رہیں۔
انکا کہنا تھا کہ طب کے شعبے کا تقاضہ ہے کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے اور یہی بہترین عبادت ہے۔
ڈاکٹر سلمان فریدی نے بتایا کہ لیاقت میڈیکل کالج سے اب تک 1200 ڈاکٹر گریجویٹ تیار ہوچکے ہیں جو ملک بھر میں اپنی خدمت انجام دے رہیں ہیں۔
انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء و طالبات سے کہا کہ وہ ملک میں صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ آخر میں انہوں نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: میڈیکل کالج
پڑھیں:
ایم ڈی کیٹ 2025ء کے لیے 1 لاکھ 40 ہزار امیدواروں کی رجسٹریشن
اسلام آباد:ایم ڈی کیٹ 2025ء کے لیے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرالی، ٹیسٹ 26 اکتوبر کو ہوگا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے مطابق میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2025ء کے لیے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرالی ہے یہ امتحان ملک بھر میں اور بین الاقوامی مرکز یعنی ریاض (سعودی عرب) میں منعقد کیا جائے گا۔
قبل ازیں ایم ڈی کیٹ امتحان 5 اکتوبر 2025ء کو ہونا تھا تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو درپیش مشکلات کے پیش نظر امتحان کی تاریخ بڑھا کر اب 26 اکتوبر 2025 (اتوار) مقرر کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 140,071 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے کامیابی سے رجسٹریشن کرائی ہے، امتحان صوبائی جامعات کے ذریعے منعقد ہوگا، جبکہ بیرونِ ملک مقیم امیدواروں کے لیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
پنجاب سے 50,443 امیدواروں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، لاہور کے تحت رجسٹریشن کرائی، سندھ سے 33,160 امیدوار سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس کے تحت، خیبرپختونخوا سے 39,964 امیدوار خیبر میڈیکل یونیورسٹی، پشاور کے تحت اور بلوچستان سے 10,278 امیدوار بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ کے تحت رجسٹر ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سے 1,146 امیدوار، آزاد جموں و کشمیر سے 3,322 اور گلگت بلتستان سے 1,564 امیدواروں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی، اسلام آباد کے تحت رجسٹریشن کرائی ہے۔
مزید یہ کہ 194 امیدواروں نے بین الاقوامی مرکز پر امتحان دینے کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، جو اسی یونیورسٹی کے تحت ہوگا سب سے زیادہ امیدوار پنجاب سے رجسٹرڈ ہوئے ہیں، اس کے بعد خیبرپختونخوا اور سندھ کا نمبر آتا ہے۔