سعودی عرب میں عازمین حج کی نگرانی مزید سخت، غیرقانونی عازمین نشان دہی کیلئے ڈرونز تعینات
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
مکہ مکرمہ:
سعودی عرب نے عازمین حج کی نگرانی انتہائی سخت کرتے ہوئےغیرقانونی عازمین کی نشان دہی کے لیے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی نصب کردی ہے اور مطلوبہ دستاویزات کے بغیر حج کی ادائیگی کرنے یا کوشش کرنے والوں پر بھاری جرمانے کا بھی اعلان کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی نے بتایا کہ جدید کیمروں سے لیس ڈرونز قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غیرقانونی عازمین حج کو درکار سرکاری اجازت نامے کے بعد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے والی گاڑیوں کی نگرانی کے لیے مختص کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے ویڈیو میں بھی دکھایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی سیکیورٹی حکام غیرقانونی عازمین اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں، جو اجازت نامے کے بغیر حج نہیں کے عنوان سے اعلیٰ سطح کی مہم کا حصہ ہے۔
سعودی حکام نے ویڈیو کے ذریعے دیکھایا کہ ایک ڈرون نے صحرا میں مشتبہ گاڑی کی نشان دہی کی ہے، جس میں بغیردستاویزات کے سفر کرنے والے عازمین سوار تھے، ڈرون نے راستوں پر تعینات سیکیورٹی عہدیداروں کو آگاہ کیا، جنہوں نے فوری طور پر خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرلیا۔
سعودی حکومت کی جانب سے استعمال ہونے والے یہ ڈرونز نگرانی کے وسیع نظام کا حصہ ہیں جو خلاف ورزی کرنے والے افراد کی نشان دہی کے لیے مصنوعی ذہانت اور تھرمل کیمرے استعمال کرنے کا حصہ ہے۔
قبل ازیں سعودی حکام نے بغیر دستاویزات کے غیرقانونی طور پر سفر کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو انتظامی جرمانے یڈہاک کمیٹیوں کے ذریعے کردیے گئے ہیں، ان سزاؤں میں جیل، ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ، خلاف ورزی کے مرتکب غیرملکیوں کی سزا مکمل ہونے کے بعد بے دخلی اور ان کی سعودی عرب میں داخلے پر 10 سال کے لیے پابندی شامل ہے۔
وزارت داخلہ نے غیرقانونی طور پر دستاویزات نہیں رکھنے والے عازمین کو سفر کی سہولیات فراہم کرنے والی گاڑیاں ضبط کرنے کے لیے عدالتی احکامات کے لیے بھی رجوع کرلیا ہے۔
سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے حج ویزا لازمی ہے اور وزٹ ویزا رکھنے والے افراد کو مقدس فریضے کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔
عازمین کو کہا گیا ہے کہ وہ سعودی حکام سے مشاورت کے ساتھ 80 ممالک میں قائم دفاتر یا 126 ممالک سے عازمین کے لیےنسک حج پلیٹ فارم کے ذریعے جاری ہونے والا حج ویزا حاصل کریں۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی اجازت نامے کے بغیر حج اداکرتے ہوئے یا حج ادا کرنے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا تو اس پر دو لاکھ سعودی ریال جرمانہ عائد کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے یہ سخت اقدامات متعدد غیرملکی عازمین کی جانب سے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں ٹھہر کر غیرقانونی طور پر حج ادا کرنے کی شکایت پر کیے گئے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سعودی حکام خلاف ورزی نشان دہی کے لیے
پڑھیں:
افغان شہریوں کو جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹس جاری کرنے والےعالمی گینگ کے مزید ملزمان گرفتار
اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر افغان شہریوں اور غیر ملکیوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اور سعودی عرب کے ورک ویزوں کے اجرا میں ملوث گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی منظم گینگ کے مزید 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید چھاپے مار کر منظم گینگ کے 3 مزید ارکان کو گرفتار کرلیا ہے اور ان ملزمان کی شناخت محمد عالم زیب، آصف خان اور ہارون الرشید کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ منظم گینگ افغان شہریوں کو جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈز، مشین ریڈایبل پاسپورٹس اور سعودی عرب کے ورک ویزوں کے اجرا میں ملوث پایا گیا۔
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بتایا کہ ملزم عالم زیب نے 31 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے، ملزم آصف خان 4 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کرنے میں ملوث پایا گیا اور ملزم ہارون الرشید نے 58 افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی ورک ویزے جاری کیے۔
یاد رہے اس سے قبل 2 ملزمان محمد اسحاق خان اور سید احسان شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم سید احسان شاہ نے 580 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے تھے۔
اسی طرح گرفتار ملزم محمد اسحاق خان نے 22 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے۔
مذکورہ ملزمان نے مجموعی طور پر 693 افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹس پر ورک ویزے جاری کیے۔
حکام کا کہنا تھا کہ منظم گینگ کے سرکاری اہلکاروں بشمول امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس اور نادرا آفس کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا جبکہ گینگ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔