امریکا: ساؤتھ کیرولائنا کے بیچ ٹاؤن میں فائرنگ، 11 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے بیچ ٹاؤن لٹل ریور میں اتوار کی رات ایک خوفناک فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ہورے کاؤنٹی پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات 9:30 بجے کے قریب انٹرا کوسٹل واٹر وے کے نزدیک ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا۔ لٹل ریور، میرٹل بیچ سے تقریباً 32 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ایک چھوٹا سا ساحلی قصبہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ زخمی افراد کو نجی گاڑیوں کے ذریعے بھی اسپتال لے جایا گیا، اور یہ ایک جاری تفتیش کا معاملہ ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں تاکہ ریسکیو اور سیکیورٹی ادارے اپنا کام جاری رکھ سکیں۔
عینی شاہدین کی بنائی گئی ویڈیوز میں متعدد پولیس گاڑیاں اور ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
علاوہ ازیں، فائرنگ کی اطلاع پر موقع پر پہنچنے والے نارتھ میرٹل بیچ پولیس کے ایک اہلکار نے غلطی سے اپنی ٹانگ میں گولی مار لی۔ پولیس کی ترجمان لورین جیسسی کے مطابق، زخمی افسر کی حالت مستحکم ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شہری کو زخمی کرنے والے ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ، ایک ہلاک، دوسرا زخمی گرفتار
کراچی:شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر 20 سالہ شہری جگو ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی جس پر ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پر بھی فائرنگ کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
زخمی شہری اور دونوں ڈاکوؤں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ڈاکو کی شناخت خرم جبکہ زخمی کی فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کر لی ہے۔