پنجاب میں سولر پینلز کی تنصیب کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
پنجاب میں حالیہ آندھی اور طوفانی موسم کے دوران ہونے والے حادثات کے پیش نظر، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سولر پینلز کی تنصیب کے لیے باقاعدہ قواعد و ضوابط اور رہنما اصول مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے انرجی ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ طوفانی ہواؤں کے دوران پیش آنے والے 70 فیصد حادثات سولر پینلز یا ان سے منسلک تنصیبات کی وجہ سے ہوئے، جو غیر معیاری طریقے سے نصب کیے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلے ڈھانچوں یا چھتوں پر لگائے گئے پینلز جب حفاظتی اقدامات کے بغیر لگائے جائیں تو وہ آندھی میں پولز سے گر کر حادثات کا باعث بنتے ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے زور دیا کہ آئندہ سولر پینلز کی تنصیب کو باقاعدہ سرٹیفائیڈ اور معیاری بنایا جائے تاکہ اس قسم کے خطرات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں پہلے سے نصب شدہ پینلز اور ان کے ڈھانچوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ان کی درستگی اور حفاظت کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔
مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو مرمت، جانچ پڑتال اور باقاعدہ انسپکشن کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریگولیٹری گائیڈ لائنز جاری کی جائیں تاکہ سولر پینلز کی تنصیب ایک محفوظ، مستحکم اور دیرپا عمل بن سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد مستقبل میں انسانی جان و مال کو ممکنہ نقصانات سے بچانا اور صوبے میں محفوظ توانائی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سولر پینلز کی تنصیب پی ڈی ایم اے
پڑھیں:
70 فیصد حادثات سولر پینل یا اس سے وابستہ تنصیبات کے باعث پیش آئے، پی ڈی ایم اے
آندھی اور طوفان کے دوران 70 فیصد حادثات سولر پینل یا اُس سے وابستہ تنصیبات کے باعث پیش آئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور طوفان میں غیر معیاری طریقے سے نصب پینلز پولز گرے اور حادثات کی وجہ بن گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آندھی اور طوفان کے دوران 70 فیصد حادثات کی وجہ سولر پینل یا ان سے وابستہ تنصیبات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ایسے حادثات سے بچنے کےلیے متعلقہ اداروں اور افراد کو ریگولیٹری گائیڈ لائنز جاری کی جائیں۔