فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے ایران کے دارالحکومت تہران میں جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف، میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔
دونوں عسکری قائدین کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خاص زور دیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے کلیدی شعبوں پر بات چیت ہوئی جن میں عسکری تعاون کو وسعت دینا، مشترکہ سرحد پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو بہتر بنانا، اور سرحدی علاقوں کو تجارت و اقتصادی روابط کے مراکز میں تبدیل کرنے کے امکانات شامل تھے۔ خطے میں استحکام اور خوشحالی کو فروغ کے لیے بات چیت ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر ایرانی مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا۔
قبل ازیں انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای اور صدر ایران مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل وزیراعظم کے وفد کے ہمراہ ترکی، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل
پڑھیں:
فیلڈ مارشل نے صدر بننے کی خواہش ظاہر کی نہ ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا ہے۔
انگریزی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق خصوصی گفتگو میں وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
وزیراعظم کی یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آفیشل ’ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو ’منظم سازش‘ قرار دے کر اس کی شدید مذمت کی ہے۔
عسکری قیادت کے قریب سمجھے جانے والے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں بخوبی علم ہے کہ اس منظم مہم کے پیچھے کون ہے، میں واضح کر چکا ہوں کہ صدر سے استعفیٰ لینے یا چیف آف آرمی اسٹاف کے صدر بننے کے بارے میں کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ موجود ہے۔
Post Views: 2