چین کی کیمیکل فیکٹری میں خوفناک دھماکا؛ 5 افراد ہلاک اور 6 لاپتا
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
چین کے مشرقی صوبے شانڈونگ کے شہر گاؤمی میں واقع ایک کیمیکل پلانٹ میں زوردار دھماکوں اور خوفناک آتشزدگی سے پورا علاقہ گونج اُٹھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا شانڈونگ یوڈاؤ کیمیکل کمپنی کے ورکشاپ میں ہوا جس کے بعد آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
یہ فیکٹری 46 ہیکٹر پر پھیلی ہوئی ہے جہاں زراعتی ادویات، دواسازی، اور کیمیائی اجزاء تیار کیے جاتے ہیں۔ کمپنی میں 300 سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔
آگ کی شدت اور حادثے کی ہولناکی کو دیکھتے ہوئے 55 فائر بریگیڈ گاڑیوں اور 232 اہلکاروں نے امدادی کاموں کا آغاز کیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران 25 افراد کو فیکٹری سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کم از کم 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 19 افراد زخمی ہیں جن میں سے 7 کی حالت نازک ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔
فیکٹری کے 6 ملازمین لاپتا ہیں جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے وہ دھماکے وقت وہاں موجود تھے اور شاید ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
تاحال دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ فیکٹری کی آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
یاد رہے کہ 2015 میں بھی چین کے تیانجن شہر میں ایک کیمیکل گودام میں ہونے والے دھماکوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چیک ریپبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی
چیک ریپبلک کے مشرقی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیک وزارتِ دفاع اور فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کے روز نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر پیش آیا جو دارالحکومت پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر UH-1Y Venom تھا، جس میں مجموعی طور پر 5 فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی تربیتی سرگرمی کے سلسلے میں پرواز کر رہا تھا، تاہم حکام نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوج نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہیں۔
چیک حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں، آیا حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کے نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔