ضلع خیبر میں اسکول پرنسپل کے تشدد سے طالب علم جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 30th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں اسکول پرنسپل کے مبینہ تشدد سے طالب علم جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پانچویں جماعت کے طالبعلم اتحاد ولد خیال مت خان کو اسکول اسمبلی کے دوران پرنسپل وقار احمد نے معمولی سی بات پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ننھا طالبعلم شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی طالب علم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او جمرود نسیم خان کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ پولیس نے مرکزی ملزم وقار احمد کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے کہا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ استاد جیسے مقدس رتبے کواستعمال کر کے ظلم کرے، ہم اس واقعے کو مثال بنائیں گے تاکہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو کہ وہ تعلیم کے نام پر بچوں پر ظلم کرے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔