پاکستان کے ساتھ ’ہمدردی‘ کا اظہار کرنے پر انڈیا میں 81 افراد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے ایک ماہ بعد انڈین پولیس نے پاکستان کے ساتھ ’ہمدردی‘ کا اظہار کرنے پر متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ گرفتاریاں ریاست آسام میں ہوئیں جہاں وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ ہمدردی رکھنے والے 81 ریاست مخالف افراد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’ہمارا نظام سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹس کرنے والوں کی نگرانی کر رہا ہے اور کارروائی کی جا رہی ہے۔‘
پولیس نے کہا کہ ایک شخص کو انسٹاگرام پر پاکستان کا جھنڈا پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ باقی گرفتار ہونے والے افراد کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
گذشتہ ماہ انڈیا کی انسداد دہشت گردی ایجنسی نے پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک پولیس افسر کو گرفتار کیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکام نے اس کے علاوہ جاسوسی کرنے پر 10 دیگر افراد کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں عسکریت پسندوں کی طرف سے 26 افراد کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا لیکن پاکستان نے اس سے انکار کرتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
لیکن انڈیا نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے پاکستان میں مبینہ ’دہشت گردی کے ٹھکانوں‘ پر میزائل حملے کیے تھے۔ اس کے بعد کشمیر میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان چھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اسی دوران 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب انڈیا نے پاکستان کے ایئر بیسز پر میزائل حملے کیے۔ اس کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انڈیا پر میزائل داغے اور تین رفال سمیت پانچ انڈین لڑاکا طیارے مار گرانے کا دعوی کیا۔
10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہو گئی تھی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: بھائی کی ضمانت کیلئے 3 سالہ بچی اغوا کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی:خواجہ اجمیر نگری پولیس نے تاوان کے لیے اغوا 3 سالہ بچی کو بازیاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس نے 23 جولائی 2025 کو اغواء کی جانے والی 3 سالہ بچی ریحانہ کو بازیاب کروا کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق بازیاب کرائی گئی بچی شاہنواز بھٹو کالونی کی رہائشی ہے، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا بھائی منگھوپیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل میں ہے، بھائی کی ضمانت کیلئے رقم کی ضرورت تھی اس لیے بچی کو اغوا کیا۔
گرفتار ملزم بازیاب کرائی جانے والی بچی کا قریبی رشتہ دار ہے، ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے بچی کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی اس لیے کی تاکہ بچی کے والدین کو بلیک میل کرکے رقم حاصل کی جائے۔
پولیس کے مطابق کارروائی انتہائی حساس اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کی گئی تاکہ بچی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے، اغوا کار سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
اہلِ علاقہ اور بچی کے والدین نے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ، ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی اور ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری سرفراز کمانڈو کی فوری کارروائی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔