کراچی: مختلف ٹریفک حادثات میں کمسن بچے سمیت تین افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 3rd, June 2025 GMT
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ داؤد چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی۔
ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 6 سالہ صدیقی ولد بخت زمان کے نام سے کی گئی جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال منتقل کی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 42 سالہ ظہیر احمد کے نام سے کی گئی جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی فروٹ گیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی راہگیر تھا جسکی شناخت 55 سالہ محمود کے نام سے کی گئی جبکہ حادثہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: سہراب گوٹھ میں کباڑ کے 30 سے زائدگوداموں میں آگ لگ گئی
کراچی میں سہراب گوٹھ میں کباڑ کے مختلف گوداموں میں آگ لگ گئی۔سہراب گوٹھ بڑے میدان میں گوداموں میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔مختلف گوداموں کے مالکان نے میڈیا پرگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گوداموں میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔مالکان کے مطابق گراؤنڈ میں ایک ہزار سے زیادہ گودام ہیں، 30 سے زائد گوداموں میں آگ لگی ہوئی ہے۔مالکان کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے سے فائر بریگیڈ کے پاس پانی نہیں ، ہر بار آگ لگنے پر کہا جاتا ہے کہ واٹر ٹینکر خود خرید کر لائیں۔دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے 4 فائر ٹینڈر کام کر رہے ہیں۔