سعودی حکومت کی حج کے دوران سخت ہدایات: نعرے بازی، جھنڈے اور تصویر کشی پر پابندی
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
مکہ مکرمہ : سعودی وزارت داخلہ نے حج کے دوران عازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقدس مقامات پر تصویر کشی، سیاسی و فرقہ وارانہ جھنڈے لہرانے اور نعرے بازی سے گریز کریں۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ تمام حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی سلامتی، صحت و سہولیات سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے عازمین مقدس مقامات پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بدنظمی سے اجتناب برتیں۔
دوسری جانب سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ نے شدید گرمی کے پیش نظر حجاج سے اپیل کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک زیادہ وقت اپنے خیموں کے اندر گزاریں اور کھلی دھوپ سے بچیں تاکہ وہ مناسک حج بآسانی اور صحتمند انداز میں ادا کر سکیں۔
ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں، تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے اور تھکن یا بیماری سے بچا جا سکے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ، تین ایشیائی ممالک بازی لے گے
دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سنگاپور کا ہے اور کمزور ترین پاسپورٹ میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے جب کہ ہیلنے اینڈ پارٹنر ز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق طاقت ور ترین پاسپورٹ رکھنے والے تین ایشیائی ممالک بازی لے گئے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جولائی سے دسمبر 2025 کے لیے جاری کی گئی فہرست میں ایشیائی ملک سنگاپور کے پاسپورٹ کو ایک بار پھر طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے۔
22 جولائی کی شب جاری کی گئی فہرست میں بتایا گیا کہ سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 193 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر بھی 2 ایشیائی ممالک موجود ہیں۔ جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پردوسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 190 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔
تیسرا نمبر مشترکہ طور پر 6 ممالک کے نام رہا جن کے پاسپورٹس پر 189 ممالک میں ویزا فری سہولت موجود ہے۔ یہ ممالک ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی اور اسپین ہیں۔
بیلجیئم، آسٹریا، لگسمبرگ، ناروے، پرتگال اور سویڈن کے حصے میں چوتھا نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 188 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔
187 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ یونان، نیوزی لینڈ اور سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے۔
اس فہرست میں سفر کی آسانی پر توجہ مرکوز کرکے ممالک کی درجہ بندی کی جاتی ہے اور امریکی پاسپورٹ 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، جو کسی زمانے میں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سمجھا جاتا تھا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکا ٹاپ 10 سے باہر نکلنے کے قریب ہے اور ایسا اس انڈیکس کی 20 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوگا کمپنی کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ گزشتہ ایک دہائی میں تیزی سے اوپر آنے والا پاسپورٹ ہے۔
اس پاسپورٹ کی رینکنگ میں ایک دہائی کے دوران 34 درجے بہتری آئی اور اب یہ 8 ویں نمبر پر ہے۔ اسی طرح چین کی رینکنگ میں بھی 10 سال کے دوران 34 درجے کی بہتری آئی ہے اور وہ ابھی 60 ویں نمبر پر ہے۔جبکہ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں
پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں صومالیہ اور یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 96 واں نمبر آیا اور اس پر 32 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے پاکستان سے نیچے عراق (97)، شام (98) اور افغانستان (99) رہے۔ پاکستان سے اوپر نیپال اور لیبیا 95 ویں، فلسطین، اریٹیریا اور بنگلا دیش 94 ویں، شمالی کوریا 93 ویں، سوڈان 92 ویں، سری لنکا اور ایران 91 ویں نمبر پر موجود ہیں۔