عالمی یوم ماحولیات: پلاسٹک آلودگی سے زمین، سمندر اور انسان سب خطرے میں
اشاعت کی تاریخ: 5th, June 2025 GMT
پلاسٹک کی آلودگی آج زمین کے ہر خطے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ چاہے وہ قطب شمالی کی برف پوش وادی ہو یا بحرالکاہل کی گہرائیاں، پلاسٹک ہر جگہ موجود ہے اور اس کے اثرات نہ صرف ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات بلکہ انسانوں کی صحت پر بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں ہر سال قریباً 400 ملین ٹن پلاسٹک پیدا ہوتا ہے، جس میں سے نصف مقدار صرف ایک بار استعمال کے بعد کچرے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ اس میں سے محض 10 فیصد پلاسٹک دوبارہ استعمال ہو پاتا ہے۔ باقی سارا کوڑا، زمین، دریا اور سمندر میں جمع ہوتا چلا جاتا ہے۔
سمندروں میں پھیلتی تباہی
ہر سال 19 تا 23 ملین ٹن پلاسٹک براہِ راست آبی ماحولیاتی نظام کا حصہ بن جاتا ہے۔ اگر اس سنگین خطرے کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو 2040 تک اس مقدار میں 50 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ نتیجتاً، آبی حیات کی بقا خطرے میں ہے، اور ہمارے غذائی ذرائع زہریلے ہو سکتے ہیں۔
پلاسٹک کے انتہائی باریک ذرات، جنہیں مائیکرو پلاسٹک کہا جاتا ہے، اب خوراک، پانی اور ہوا میں بھی پائے جا رہے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر انسان سالانہ 50 ہزار پلاسٹک ذرات نگل رہا ہے، جبکہ ہوا کے ذریعے جذب ہونے والے ذرات اس کے علاوہ ہیں۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کا پائیدار آبی تحفظ کا ماڈل عالمی سطح پر قابل تحسین
ماحولیات پر منڈلاتا خطرہ
اقوام متحدہ خبردار کرتا ہے کہ اگر پلاسٹک کی آلودگی پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ دہائی میں فضائی آلودگی محفوظ حد سے 50 فیصد تجاوز کر جائے گی اور 2040 تک یہ آلودگی سمندروں اور میٹھے پانی کے ذخائر میں 3 گنا بڑھ جائے گی۔
عالمی یوم ماحولیات 2025
رواں سال اقوام متحدہ کا ماحولیاتی پروگرام (UNEP) 52واں عالمی یوم ماحولیات منا رہا ہے۔ اس سال مرکزی تقریب جنوبی کوریا کے شہر جیجو میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا موضوع ہے: #BeatPlasticPollution
اقوام متحدہ کا ماحولیاتی پروگرام 2018 سے اس مہم کے ذریعے پلاسٹک پر انحصار کو کم کرنے اور اس کے متبادل کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ عالمی یوم ماحولیات ہر سال حکومتوں، کاروباری اداروں اور عام لوگوں کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پلاسٹک کے خلاف عالمی معاہدہ
اس موقع پر اقوام متحدہ کی کوشش ہے کہ دنیا بھر کے ممالک ایک ایسا قانونی طور پر لازمی معاہدہ کریں جو پلاسٹک کی پیداوار، استعمال اور تلفی کے تمام مراحل کو محیط ہو۔ اس سلسلے میں مذاکرات کا اگلا دور اگست میں متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، وزیراعظم کا بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ فوری، مؤثر اور شفاف ہونا چاہیے تاکہ انسانی ضروریات اور پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے ساتھ ہم آہنگی قائم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ صرف ماحول نہیں، انسانیت کا مستقبل محفوظ بنانے کی بنیاد ہوگا۔
اقوام متحدہ کا ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے بھی رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ پلاسٹک کے متبادل تلاش کریں اور اختراعی حل اپنائیں۔
ایک موقع، ایک عزم
سال 2025 کا عالمی یوم ماحولیات ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اگر ہم نے فوری اور ٹھوس اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلوں کے لیے زمین کو محفوظ رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم صرف گفتگو سے آگے بڑھ کر قانون سازی، پیداوار میں تبدیلی، اور عوامی شعور کی سطح پر سنجیدہ عملی اقدامات کریں۔
ماحولیات کا عالمی دن: کیوں اور کب سے منایا جاتا ہے؟
ہر سال 5 جون کو دنیا بھر میں ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد ماحول کی بہتری، آلودگی کے خاتمے اور زمین کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر شعور و آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ یہ دن اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) کے تحت 1974 سے باقاعدگی سے منایا جا رہا ہے اور تب سے دنیا بھر میں یہ دن ماحول دوست سوچ اور عمل کی علامت بن چکا ہے۔
ماحولیات کا عالمی دن دراصل زمین پر بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تباہی، آلودگی، جنگلات کی کٹائی، زمین کی بربادی، اور موسمیاتی تبدیلی جیسے خطرات کے خلاف عالمی ردعمل کا اظہار ہے۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ حکومتیں، ادارے، کاروبار اور عوام سب مل کر ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
پلاسٹک آلودگی عالمی یوم ماحولیات مشکورعلی.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پلاسٹک ا لودگی عالمی یوم ماحولیات مشکورعلی اقوام متحدہ کا عالمی جاتا ہے ہر سال کے لیے
پڑھیں:
ہیوی ٹریفک اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کا سبب، شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ تحقیق کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ شہر میں چلنے والی ہر پانچ میں سے ایک بھاری ٹرانسپورٹ گاڑی قومی ماحولیاتی اخراج کے معیار کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
یہ نتیجہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی کوآرڈینیشن کے تحت کام کرنے والے وفاقی ادارہ برائے تحفظِ ماحولیات (پاک ای پی اے) کی تازہ رپورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کے ماحولیاتی آلودگی کے لیے اقدامات: ’عثمان بزدار کی حکومت میں ایسا کچھ دیکھنے کو ملا ہے؟‘
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ اسلام آباد میں فضائی آلودگی کی صورتحال کو شدید بنا رہا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ڈیزل پر چلنے والی پرانی اور بھاری گاڑیاں خصوصاً وہ جو سامان یا مسافروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتی ہیں، فضائی آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ قرار پائی ہیں۔
ان گاڑیوں سے خارج ہونے والا سیاہ دھواں، کاربن مونو آکسائیڈ اور شور نہ صرف ماحول کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ شہریوں کی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاک ای پی اے نازیہ زیب علی کی ہدایت پر ادارے نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے 28 اور 30 اکتوبر کو خصوصی مہم چلائی، جس کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر (لیبارٹریز، معیارات) ڈاکٹر زاغم عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر (تحقیق و تفتیش) بن یامین نے کی۔
مہم کے دوران ٹیموں نے سیکٹر آئی الیون کے قریب منڈی موڑ اور سرینگر ہائی وے پر جی 14 کے نزدیک مخصوص مقامات پر بھاری گاڑیوں کے دھوئیں اور شور کی سطح کا معائنہ کیا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 100 بھاری گاڑیوں کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 20 فیصد گاڑیاں قومی ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اتریں۔
ڈاکٹر زاغم عباس نے رپورٹ کے نتائج بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہر پانچ میں سے ایک بھاری گاڑی قابلِ قبول حد سے زیادہ آلودگی پھیلا رہی ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ڈیزل گاڑیوں کی دیکھ بھال اور ان کے معائنے کے نظام کو مزید سخت بنانے کی فوری ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیر معیاری آلودگی پھیلانے والی 20 گاڑیوں پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ آلودگی کی انتہائی بلند سطح رکھنے والی تین گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے تحت بند کر دیا گیا۔
پاک ای پی اے نے متعلقہ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے انجنوں کی فوری مرمت، ٹیوننگ اور اخراجی نظام کی درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ خلاف ورزیوں سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے بڑے آپریشن کا آغاز ہوگیا
ادارے نے زور دیا کہ سرکاری و نجی اداروں کے زیر استعمال گاڑیوں کی باقاعدہ دیکھ بھال اور داخلی آلودگی آڈٹ انتہائی اہم ہیں۔
پاک ای پی اے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مسلسل نگرانی، سخت قانونی کارروائی اور عوامی آگاہی مہمات جاری رکھے گی، تاکہ شہریوں کی صحت اور ماحول کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اسلام اباد خلاف ورزی دھواں ماحولیاتی اخراج ہیوی ٹریفک وفاقی دارالحکومت وی نیوز