عمران خان کی کال پر احتجاجی تحریک شروع ہوگی: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب
اشاعت کی تاریخ: 7th, June 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاجی تحریک شروع ہوگی، ہماری تحریک ابھی بھی جاری ہے۔ ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی عوام اور حجاج کرام کو دلی عید مبارک پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سمیت تمام قیادت جیلوں میں بند ہے ان کو بانی سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے، ہماری جدوجہد رنگ لائے گی اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹی قیادت جلد ہمارے درمیان ہوگی، بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاجی تحریک شروع ہوگی، ہماری تحریک ابھی بھی جاری ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی نے غلط طور پر دائر کیا ہے، میرے خلاف ریفرنس فرمائشی پروگرام ہے، یہ 2018 اور 2024 میں ریٹرننگ افسر اور پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد میں ریجیکٹ ہوا، بغیر ثبوتوں کے ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ لوگوں نے بانی پی ٹی آئی کی محبت میں ووٹ دیئے ہیں، میرے مدمقابل امیدوار کے ہوش اڑے ہوئے ہیں، بغیر کسی نقطے اور ثبوت کے ریفرنس دائر کر رہا ہے، میرے اوپر 200 ایف آئی آر ہیں، ایک پیکا ایکٹ کی بھی ایف آئی آر دے دیں یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے دبا سکتے ہیں میں عمران خان کا سپاہی ہو، ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
عمران خان ڈیل نہیں کریں گے سر اٹھا کر واپس آئیں گے: سلمان اکرم راجہ
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور وہ سر اٹھا کر واپس آئیں گے ان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ کی رپورٹ کے مطابق نوے سے پچانوے حلقوں میں فارم پینتالیس اور چھیالیس میں واضح فرق سامنے آیا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن پر حملہ کیا گیا اور دھاندلی براہ راست برسر اقتدار جماعت کے حق میں ہوئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج پوری دنیا یہ بات کر رہی ہے کہ پاکستان کے آئین پر حملہ ہوا ہے جو کہ قومی سطح پر باعث شرم ہے انہوں نے کہا کہ آئین میں کی گئی غیر قانونی ترامیم کو واپس کرایا جائے گا جبکہ پارلیمان کو بری طرح مفلوج کر دیا گیا ہے اور عدالتی نظام کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی میں کتنے عرصے تک بیٹھنا ہے اس کا فیصلہ پارٹی کے بانی کریں گے تاہم ایک بات واضح ہے کہ عمران خان کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہوں گے اور ہمیشہ کی طرح عوام کے سامنے سر بلند کر کے واپس آئیں گے