خیبرپختونخوا؛ عید کے 3دنوں کے دوران مختلف حادثات میں 55 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 9th, June 2025 GMT
پشاور:
خیبرپختونخوا بھر میں عید الاضحیٰ کے 3 دنوں کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 55 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے اور فائرنگ کے واقعات میں 50 افراد زخمی ہوئے۔
ایکسپریس نیوز کو ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد نے بتایا کہ عید الاضحیٰ کے 3 دنوں کی تعطیلات کے دوران مختلف نوعیت کی 1999 ایمرجنسیز میں سہولیات جبکہ 1897 افراد کو طبی امدادفراہم کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 1400 میڈیکل ایمرجنسیز میں مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ میں 349 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں سب سے زیادہ 43 حادثات پشاور میں ہوئے اور اس کے علاوہ مختلف نوعیت کے 112 آگ لگنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
شاہ فہد نے بتایا کہ دریاؤں اور ڈیمز میں ڈوبنے کے 6 واقعات پیش آئے، مختلف ریکوریز کے 82 اور جرائم کے 50 واقعات میں سہولیات فراہم کی گئیں۔
ترجمان ریسکیو1122 بلال احمد فیضی کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے ابتدائی تین دنوں میں مختلف واقعات میں 55 افراد جاں بحق ہوئے جن میں پشاور میں 13، مردان 14، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر اور بٹ گرام میں 2،2، نوشہرہ، باجوڑ اور کرم میں 3،3، ہری پور 4، جنوبی وزیرستان، کوہاٹ اور خیبر میں ایک،ایک شخص جان کی بازی ہار بیٹھا۔
ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق پشاورمیں مجموعی طور پر ایمرجنسیز کے 418 واقعات، روڈ حادثات 43، میڈیکل 338، آگ لگنے کے 20، گولی لگنے کے 8، دیگر ریکوریز میں 11 افراد اور 431 مریضوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
تربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 29 غیرملکی شہری گرفتار
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی )بلوچستان کے ضلع تربت میں پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ کے اقدام کو ناکام بناتے ہوئے 29 غیر ملکی شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش پر گرفتار کر لیا۔پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران انسانی اسمگلنگ کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کے تحت افراد کو کسی ملک میں داخل ہونے یا وہاں غیر قانونی طور پر قیام پذیر رہنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ رجحان نہ صرف ملک کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس میں ملوث افراد کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ بن جاتا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیچ کیپٹن زوہیب محسن نے ممتازنیوز کو بتایا کہ یہ کارروائی تربت کے نواحی علاقے میں کی گئی، جہاں ایک لینڈ کروزر کو روکا گیا جس میں درجنوں افراد سوار تھے۔انہوں نے بتایا کہ’ گرفتار ہونے والوں میں 12 مرد، 13 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں، دو ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو مبینہ طور پر ان افراد کو غیر قانونی راستوں کے ذریعے ایران لے جانے میں ملوث تھے۔’
ایس ایس پی زوہیب محسن نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گرفتار افغان شہری بلوچستان کے راستے ایران میں داخل ہو کر یورپ جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔انہوں نے کہا، ’ تمام گرفتار افراد کو مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔’عہدیدار نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید گرفتاریوں کی توقع ہے اور تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔