برطانیہ میں اسرائیلی نیوی کے یونٹ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر
اشاعت کی تاریخ: 10th, June 2025 GMT
بیلجیم میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن (HRF) نے برطانیہ میں اسرائیلی بحریہ کی اسپیشل فورس "شیطیت 13" اور اس کے کمانڈر وائس ایڈمرل ڈیوڈ سعار سلامہ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر کر دی ہے۔
تنظیم کے مطابق، شکایت کل اسرائیلی فورسز کے ذریعے برطانوی پرچم بردار کشتی "مدلین" پر حملے کے بعد دائر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا: "مدلین کشتی، جو فریڈم فلوٹیلا کولیشن کا حصہ تھی، غزہ کے شہریوں کے لیے طبی سامان، خوراک اور بچوں کے دودھ جیسی امدادی اشیاء لے جا رہی تھی۔"
HRF کا کہنا ہے کہ یہ کشتی جب اسرائیلی نیوی کے شیطیت 13 کمانڈوز نے روکی، تب وہ سمندر میں 60 ناٹیکل میل (111 کلومیٹر) کے فاصلے پر بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھی، اور قانونی طور پر برطانوی سرزمین شمار ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ ہند رجب فاؤنڈیشن اس فلسطینی بچی کے نام پر قائم کی گئی ہے جو غزہ میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئی تھی۔ تنظیم پہلے بھی ہزار سے زائد اسرائیلیوں کے خلاف جنگی جرائم کے ثبوت عالمی فوجداری عدالت (ICC) میں جمع کروا چکی ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
غزہ میں قحط: اسرائیلی مظاہرین نے اپنی ہی حکومت کے خلاف آواز بلند کردی
غزہ میں بھوک اور قحط کی سنگین صورتحال پر اسرائیل کے اندر سے بھی مخالفت کی آوازیں اُٹھنے لگی ہیں۔
تل ابیب میں مظاہرین نے نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے آٹے کے تھیلے اور فاقہ کش بچوں کی تصاویر اُٹھا کر اسرائیلی فوج کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو بھوکا رکھنا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث مصر کی سرحد پر کھڑے امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی، جس کے نتیجے میں غذائی قلت سنگین ہوتی جارہی ہے۔
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی "اونروا" کے مطابق غزہ میں 10 لاکھ سے زائد بچے شدید بھوک کا شکار ہیں۔
"سیو دی چلڈرن" نے کہا ہے کہ غزہ میں ہر شخص فاقہ کشی کا شکار ہو چکا ہے، جب کہ صرف گزشتہ تین دنوں میں 21 بچے بھوک سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اسی حوالے سے نیویارک اور رام اللہ میں بھی مظاہرے کیے گئے، جن میں اسرائیل کی بھوک پالیسی کو "جنگی جرم" قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا۔