کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کے الیکٹرک کے ملازم سمیت دو افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کے الیکٹرک کے ملازم سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سیکٹر فائیو ای مغل پان والی گلی میں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے تشویش ناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں اس کی شناخت 42 سالہ آصف ولد معیز کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بلال کالونی ناصر خان نے بتایا کہ واقعہ لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی زد میں آکر آصف پیٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے بعدازاں عباسی شہید اسپتال سے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مضروب کے الیکٹرک کا ملازم بتایا جاتا ہے۔
تاہم، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سورتی کمپنی پل کے قریب فائرنگ سے 20 سالہ امان اللہ زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جبکہ نوجوان کو ٹانگ پر گولی لگی تھی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈاکوو ں کی فائرنگ سے
پڑھیں:
کراچی، قائدآباد میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ، ایک ملزم زخمی، ساتھی فرار
کراچی:شہر قائد میں قائدآباد کے علاقے میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ موٹرسائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی فوری طور پر جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جس کی شناخت میر علی کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
قائدآباد پولیس کے مطابق ملزم میر علی کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔