پاکستانی پارلیمانی وفد کی بیلجیئم کی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
برسلز کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے اراکین کے ایک گروپ نے بیلجیئم کی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل برائے باہمی امور برگٹ اسٹیونز سے ملاقات کی۔
پاکستانی پارلیمانی وفد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور سینیٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر فیصل علی سبزواری شامل تھے۔
دوران ملاقات پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دو طرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیا میں سلامتی کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے بھارت کے جارحانہ طرز عمل اور اس کے نتیجے میں خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، پارلیمانی وفد نے باور کروایا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہوتے ہوئے، عالمی اصول و ضوابط و معاہدات کی پاسداری اور پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا حصول ممکن نہیں ہو سکتا۔
وفد نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس آبی معاہدے کو التوا میں رکھنے، پانی کی ترسیل کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے اور ان جارحانہ اقدامات کے سنگین مضمرات پر بھی تفصیلا روشنی ڈالی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی بلا اشتعال جارحیت ایسے نئے رجحان کی طرف اشارہ کرتی ہے جو قوانین کی پاسداری پر مبنی، بین الاقوامی نظام کی بقا کیلئے شدید نقصان کا باعث ہو سکتی ہے۔ وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاہدوں کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے۔
وفد نے پاکستان اور بیلجیئم کے مابین کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی جن میں تجارت، مہارت کی نقل و حرکت اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور بیلجیئم کے مابین تعاون کا فروغ شامل ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پارلیمانی وفد وفد نے
پڑھیں:
مالدیپ کا پارلیمانی وفد اسپیکر عوامی مجلس کی قیادت میں پاکستان پہنچے گا
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر مالدیپ کی عوامی مجلس (People’s Majlis) کا پارلیمانی وفد کل (16 ستمبر) 5 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا۔ وفد کی قیادت اسپیکر عوامی مجلس عبدالرحیم عبداللہ کریں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات مشترکہ عقائد، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسرائیل کو ریاست نہیں، دہشتگرد تنظیم کے طور پر تسلیم کرتا ہے:سردار ایاز صادق
پاکستان میں قیام کے دوران وفد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ملکی سیاسی قیادت، پاکستان–مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اور ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں قانون سازی، عوامی روابط اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
وفد اسلام آباد کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ پارلیمانی قیادت کا یہ دورہ اسپیکر ایاز صادق کی پارلیمانی سفارتکاری کے اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کی مقننہ کے ساتھ تعمیری مکالمے اور تعاون کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے معیاری خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے ،سردار ایاز صادق
ترجمان کے مطابق، مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا باعث بنے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسپیکر عوامی مجلس سردار ایاز صادق مالدیپ کا پارلیمانی وفد