اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، محمد حسین
اشاعت کی تاریخ: 13th, June 2025 GMT
سندھ کے سابق وزیر بلدیات نے کہا کہ اسرائیل کھلے عام اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور فلسطینیوں، لبنانیوں، عراقیوں اور شامی عوام پر مسلسل حملے جاری رکھے ہوئے ہے، مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سینئر سیاسی رہنما اور سابق وزیر بلدیات سندھ محمد حسین خان نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے کو شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے خطرناک قدم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل دہائیوں سے مشرق وسطیٰ میں جارحیت کرتا چلا آ رہا ہے اور اب بلا اشتعال ایران پر حملہ کر کے اس نے پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ محمد حسین خان نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک شام، عراق، لبنان، اور فلسطین پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بن چکے ہیں، اسرائیل جب چاہتا ہے، ان ممالک پر حملے کر کے معصوم شہریوں کو شہید اور ان کی املاک تباہ کر دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں، اسرائیل کھلے عام اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور فلسطینیوں، لبنانیوں، عراقیوں اور شامی عوام پر مسلسل حملے جاری رکھے ہوئے ہے، مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ سابق وزیر بلدیات نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، لہٰذا اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ایران پر
پڑھیں:
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہوتی جارہی ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ
نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی سے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے اور پورا خطہ ایک ایسے خطرناک موڑ پر پہنچ چکا ہے جس کے نتائج ناقابلِ تصور ہو سکتے ہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ ناقابلِ تصور تباہی کے کنارے پر کھڑا ہے اور خطہ مسلسل وسیع ہوتے ہوئے تصادم کے دائرے میں کھنچتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال قابو سے باہر ہو رہی ہے ایک بحران دوسرے بحران کو جنم دے رہا ہے جبکہ ہر روز نئی کشیدگی مزید خطرناک حالات پیدا کر رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سربراہ کے مطابق جیسے جیسے تنازع پھیل رہا ہے ویسے ویسے سیاسی مقاصد پس منظر میں چلے جا رہے ہیں اور تصادم خود ہی ایک مستقل بحران کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مزید کشیدگی کو روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں کیونکہ موجودہ حالات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔