نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 21st, June 2025 GMT
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج استنبول میں 51ویں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کونسل آف منسٹرز فورم (سی ایف ایم) کے اجلاس کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے ترک صدر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
دو رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی جو بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حقِ خود دفاع کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور حالات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے اور محصور فلسطینیوں کو امدادی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے صدر اردگان کو اسلامی تعاون یوتھ فورم کی طرف سے ان کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے ایوارڈ سے نوازے جانے اور او آئی سی کے سی ایف ایم اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار
پڑھیں:
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار آج ایک روزہ دورے پر ترکیہ جائیں گے
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار آج ایک روزہ دورے پر ترکیہ کے شہر استنبول جائیں گے، جہاں وہ عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے رابطہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ ترکی کے وزیرِ خارجہ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت سات دیگر عرب و اسلامی ممالک نے اُس امن اقدام میں فعال کردار ادا کیا تھا جس کے نتیجے میں شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوئے۔
مزید پڑھیں: ترک وزیرِ خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، غزہ میں امن کے اقدامات پر تبادلہ خیال
استنبول اجلاس کے دوران پاکستان فائر بندی کے مکمل نفاذ، اسرائیلی افواج کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خصوصاً غزہ، سے مکمل انخلا اور فلسطینی عوام کو بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو پر زور دے گا۔
پاکستان یہ موقف بھی دہرائے گا کہ ایک آزاد، قابلِ عمل اور متصل ریاستِ فلسطین کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، اور جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو، اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسحاق ڈار اسرائیلی افواج ترکیہ غزہ