data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کےمطابق افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے حملے ناقابل قبول ہیں اور افغانستان ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی استحکام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ سفارتی ذرائع کو موقع دیں اور مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں تاکہ پورے خطے کو ایک وسیع جنگ سے بچایا جا سکے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں امریکا نے ایران کے تین اہم جوہری مراکز فردو، نطنز اور اصفہان  پر بنکر بسٹر بموں اور ٹاماہاک کروز میزائلوں سے حملہ کیا، جس سے ایران کا جوہری پروگرام شدید متاثر ہوا، اس حملے کے بعد امریکا براہِ راست اسرائیل کی ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں شامل ہو چکا ہے۔

خیال رہےکہ افغان حکومت کے بیان کے ساتھ ہی متعدد دیگر ممالک نے بھی ایران، امریکا کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔

بحرین نے ملک بھر میں ریموٹ ورک پالیسی نافذ کر دی اور سائرن سسٹم اور بم شیلٹرز فعال کیے، کویت نے وزارتی دفاتر میں پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں اور دفاعی کونسل مسلسل سیشن میں ہے جبکہ  سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی ہائی سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

خطے میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور عالمی برادری کی جانب سے فوری سفارتی مداخلت کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے تاکہ تنازعے کو وسیع جنگ میں تبدیل ہونے سے روکا جا سکے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

پڑھیں:

ایران امریکہ-پاکستان کی شراکت داری کے بارے میں کتنا فکرمند ہے؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 اگست 2025ء) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ہفتہ اور اتوار کے روز پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

دونوں ممالک کو اپنی سرحد کے قریب شدت پسند گروپوں سے متعلق سکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں، جہاں ایران میں سرگرم جیش العدل اور پاکستان میں موجود بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسے گروہوں نے کئی حملے کیے ہیں۔

واشنگٹن میں قائم مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ کی سینیئر فیلو فاطمہ امان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’ایران اب محاذ آرائی کے بجائے سکیورٹی سفارت کاری کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

تہران اسلام آباد کے ساتھ انٹیلیجنس شیئرنگ، مشترکہ بارڈر پیٹرولنگ اور سکیورٹی تعاون کے دیگر اقدامات کے لیے سرگرم ہے۔‘‘

پاکستان اور ایران کے درمیان 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے، جو بلوچستان کے علاقے سے گزرتی ہے۔ اس خطے میں پاکستانی صوبہ بلوچستان، ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان اور افغانستان کے کچھ حصے شامل ہیں۔

یہ علاقہ کئی دہائیوں سے سرحد کے دونوں طرف علیحدگی پسند تحریکوں کا شکار ہے۔

ایران اور پاکستان کے درمیان ان شدت پسند گروپوں کے خلاف ایک اسٹریٹیجک اتحاد ہے، لیکن سرحد پار دہشت گردی کی وجہ سے ان کے تعلقات بعض اوقات کشیدہ بھی رہے ہیں، جیسا کہ گزشتہ سال ہونے والے میزائل حملوں اور جھڑپوں میں دیکھا گیا۔

ان مسائل کے باوجود، ایران اور پاکستان کے تعلقات مجموعی طور پر خوشگوار ہیں۔ حالیہ 12 روزہ اسرائیل-ایران کشیدگی کے دوران پاکستان نے ایران کا ساتھ دیا، ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، اور اسرائیل کو واضح طور پر جارح قرار دیا۔

لیکن اس حمایت کے باوجود، پاکستان اور امریکہ کے بڑھتے ہوئے تعلقات، خاص طور پر ایسے وقت میں جب، بالخصوص ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر امریکہ اور ایران کے تعلقات کئی دہائیوں سے دشمنی اور کشیدگی سے بھرپور رہے ہیں، تہران کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔

فاطمہ امان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ قریبی تاریخی تعلقات کے باوجود، پاکستان نے ہمیشہ ایران کے حوالے سے کسی براہِ راست فوجی اتحاد سے گریز کیا ہے۔

ان کے مطابق، ’’ایران کی نظر میں پاکستان ایسا ملک نہیں ہے جو اس کے خلاف کسی دشمنانہ فوجی کارروائی کے لیے پلیٹ فارم بنے۔‘‘

امریکہ-پاکستان شراکت داری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ اس جنوبی ایشیائی ملک کے تیل کے ذخائر کو ترقی دینے پر اتفاق کیا ہے، جن میں سے زیادہ تر مبینہ طور پر بلوچستان میں ہیں۔

جس کے نتیجے میں امریکہ کو ایران کی مشرقی سرحدوں پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا موقع مل سکتا ہے۔

اپنی جغرافیائی حیثیت، قدرتی وسائل کی بہتات، اور ایران و افغانستان کے قرب و جوار کی وجہ سے یہ خطہ امریکہ کے لیے دلچسپی کا باعث ہے۔

تجارتی قانون کے ماہر اسامہ ملک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’اگر امریکی کمپنیاں بلوچستان میں تیل کے امکانات تلاش کرنے آتی ہیں تو ایران کو اپنی سرحد کے ساتھ امریکی موجودگی پر تشویش ہو سکتی ہے۔

لیکن پھر پاکستان کو بھی چابہار (ایرانی بندرگاہ جہاں بھارت سرمایہ کاری کر رہا ہے) میں بھارتی موجودگی پر تحفظات رہے ہیں، اس لیے یہ احساس دونوں طرف موجود ہے۔‘‘

بین الاقوامی امور کے ماہر اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد شعیب نے نشاندہی کی کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات سرد جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اتحادی رہے ہیں، لیکن پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور شدت پسند گروہوں سے تعلقات پر کشیدگیاں بھی رہی ہیں۔

شعیب نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’چونکہ ایران نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے مختلف ادوار کے تعلقات دیکھے ہیں، لہٰذا اسے حالیہ قربت پر زیادہ تشویش نہیں ہے۔‘‘

اگرچہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں قربت آتی دکھائی دے رہی ہے، مگر یہ تعلقات اتنے سیدھے بھی نہیں ہیں۔

پاکستان نے حالیہ بھارت-پاکستان بحران کے دوران صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور اہم قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا، لیکن اس کے محض چوبیس گھنٹے بعد اسلام آباد نے ایران کے ایٹمی تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کی مذمت کی۔

ایران کی پاکستان سے مدد کی خواہش

مشرق وسطیٰ انسٹیٹیوٹ کی فاطمہ امان نے کہا، ’’ایک ایسے وقت میں جب ایران پر اسرائیل یا امریکہ کی عسکری کارروائی کا خطرہ مزید حقیقت بنتا جا رہا ہے، تہران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘

ان کا ماننا ہے کہ ایران توقع رکھتا ہے کہ پاکستان اس کے پرامن سول ایٹمی پروگرام کے حق میں اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان سیاسی طور پر ایک حساس اور سفارتی طور پر نازک صورت حال سے دوچار ہے، جہاں اسے ایک طرف امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنا ہے اور دوسری طرف اپنے مسلم ہمسایہ ملک کی حمایت بھی برقرار رکھنی ہے۔

شعیب کے خیال میں ’’ایران کو واشنگٹن تک پہنچنے کے لیے ایک معتبر ذریعہ درکار ہے، اور پاکستان اس میں ثابت شدہ کردار ادا کر چکا ہے۔

پاکستان نے ماضی میں بھی ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ایران کے پرامن سول ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے، مگر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں کی حمایت نہیں کرتا۔‘‘

گزشتہ ماہ واشنگٹن میں پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا ''اسلام آباد ایران اور امریکہ کے درمیان تناؤ میں کمی لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘

تجارتی قانون کے ماہر اسامہ ملک کا ماننا ہے کہ ’’ایران چاہے گا کہ پاکستان ٹرمپ سے اپنی نئی قربت کو استعمال کرتے ہوئے اسے ایک سول نیوکلیئر ڈیل حاصل کرنے میں مدد دے۔

‘‘ امریکی پابندیاں دوطرفہ تجارت میں رکاوٹ

تہران کے ایٹمی پروگرام پر امریکہ کی جانب سے عائد پابندیاں پاکستان اور ایران کے درمیان مکمل پیمانے پر دوطرفہ تجارت میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔

بین الاقوامی امور کے ماہر شعیب نے کہا کہ اسلام آباد نے ایران کے ساتھ رسمی تجارت سے گریز کیا ہے۔ جس میں ایران-پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بھی شامل ہے، کیونکہ یہ پابندیاں آڑے آتی ہیں۔

انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اگر پاکستان کو ایران کے ساتھ زیادہ جامع تجارتی تعلقات قائم کرنے ہیں تو وہ ’’ایران پر امریکی پابندیوں میں کسی حد تک نرمی‘‘ چاہے گا۔

تجارتی قانون کے ماہر ملک نے کہا، ’’پاکستان پہلے ہی ایران کے ساتھ غیر رسمی تجارت کر رہا ہے، اور بعض اندازوں کے مطابق پاکستان کی 30 فیصد ایندھن کی ضروریات ایرانی اسمگل شدہ تیل سے پوری کی جاتی ہیں۔

تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں کمی، پاکستان کے ذریعے، امریکی پابندیوں میں نرمی لا سکتی ہے۔‘‘

تاہم، تجزیہ کار امان کے مطابق، جب تک پابندیاں نرم نہیں ہوتیں، بڑے منصوبے جیسے کہ گیس پائپ لائن مؤثر طور پر معطل رہیں گے۔

انہوں نے کہا، ’’موجودہ حالات میں پائپ لائن کا دوبارہ آغاز ممکن نظر نہیں آتا، کیونکہ اسلام آباد ثانوی پابندیوں یا واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں مزید کشیدگی مول نہیں لے سکتا۔‘‘

ج ا ⁄ ص ز

متعلقہ مضامین

  • وزیراعظم شہباز شریف کی مستونگ میں سیکیورٹی فورسز پر فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت
  • ایران امریکہ-پاکستان کی شراکت داری کے بارے میں کتنا فکرمند ہے؟
  • صدرِمملکت کی مستونگ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت
  • صدرِ مملکت کی مستونگ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت
  • وزیراعظم کی مستونگ میں فورسز کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی مذمت
  • ایران؛ اسرائیل کو شہید جوہری سائنسدان کی ’لوکیشن‘ فراہم کرنے والے کو پھانسی دیدی گئی
  • وزیرداخلہ محسن نقوی کی کرک میں ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پردہشتگردوں کے حملے کی مذمت، شہید اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار
  • حکومت اور عوام کے درمیان بڑھتے فاصلے
  • ہیروشیما پر امریکی ایٹمی حملے کو 80 سال مکمل
  • امریکی ایٹمی آبدوزوں کی تعیناتی پر روس کی وارننگ: 'جوہری بیانات میں احتیاط کریں‘