اسلام آباد: این ڈی ایم اے کی موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری، آندھی طوفان اور بارشوں کا الرٹ
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 25 جون تا یکم جولائی ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے ایک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآباد میں موسلادھار بارش کے باعث شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں، بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر، میرپور خاص، بدین اور ٹھٹھہ میں 25 تا 28 جون کے دوران آندھی طوفان اور بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، پشاور، مانسہرہ، کوہاٹ، کرک، نوشہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں سکردو، گلگت، استور، ہنزہ، دیامیر، نگر، غذر اور گھانچے سمیت کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران کمزور درخت، بجلی کے کھمبے، کچی دیواریں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی گاڑیاں محفوظ جگہ پر پارک کریں اور آندھی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ موسمی معلومات اور انتباہات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” سے رہنمائی حاصل کریں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: ڈی ایم اے
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔