کراچی: جعلی پولیس اہلکاروں سمیت 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ، موبائل اور موٹرسائیکل برآمد
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
زمان ٹاؤن پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی جعلی وردی میں ملبوس دو بہروپیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کورنگی کراسنگ پل کے نیچے گشت کے دوران عمل میں لائی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو افراد سندھ پولیس کی جعلی وردی میں ملبوس تھے اور خود کو پیٹرولنگ پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ایک شہری کا چھینا ہوا موبائل فون اور تھانہ لانڈھی کی حدود سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کر لی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت درج ذیل ناموں سے ہوئی:
محمد جامی سعیدی ولد نیاز حسین — جعلی پولیس وردی میں، پی کیو آر ملازم جھانزیب ولد امجد علی — جعلی پولیس وردی میں، پی کیو آر ملازم محمد موسیٰ ولد غلام قادرپولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پولیس کا روپ دھار کر شہریوں کو دھوکا دینے اور وارداتوں میں ملوث تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق تینوں ملزمان نے متعدد وارداتوں میں شامل ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
تھانہ زمان ٹاؤن میں ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 827/2025 دفعہ 170/171/382 ت پ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور؛ آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے والا گروہ گرفتار
لاہور:سیف سٹی کیمروں کی ٹریسنگ سے لاہور میں آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے والا 4 رکنی گینگ گرفتار کر لیا گیا۔
جیل روڈ لاہور سے آن لائن ٹیکسی کا ڈرائیور شہری کا لاکھوں مالیت کا سامان لے کر فرار ہوگیا۔
شہری نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے فوری پولیس کی مدد طلب کی، کال موصول ہوتے ہی سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے کیمروں کی مدد سے ٹریسنگ شروع کی۔
سیف سٹی کی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی سے ملزمان کی گاڑی کا مکمل روٹ ٹریس کرکے لوکیشن پولیس کو فراہم کی گئی۔ پولیس نے سیف سٹی کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گینگ جعلی ڈرائیونگ ایپس کے ذریعے شہریوں سے فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث تھا۔ ملزمان سے لاکھوں مالیت کا سامان، گاڑیاں، پستول، لگژری آئٹمز اور 200 سے زائد سم کارڈ برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق شہری آن لائن رائیڈ بُک کرتے وقت صرف قابلِ اعتماد ذرائع استعمال کریں تاکہ فراڈ سے بچا جا سکے۔