کراچی، بھینس کالونی نمبر 7 میں ڈکیتی کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے بھینس کالونی نمبر 7 میں ڈیری فارم کے باہر ایک شہری سے ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔
یہ واردات چند گھنٹے قبل پیش آئی، جس میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے شہری کو لوٹ مار کا نشانہ بنایا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم موٹرسائیکل اسٹارٹ کر کے ادھر ادھر گھومتا رہا، جب کہ اس کا مسلح ساتھی شہری کے قریب پہنچا اور اسلحے کے زور پر موبائل فون چھین لیا۔
واردات کے دوران ملزمان کا چہرہ صاف دکھائی نہیں دیتا، لیکن فوٹیج سے ملزمان کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واردات کے فوراً بعد دونوں ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے جلد کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سی سی ٹی وی فوٹیج
پڑھیں:
کراچی، کورنگی نمبر 4 میں نماز کی ٹوپی بنانے والے کارخانے میں آتشزدگی، 7 افراد بحفاظت ریسکیو
کراچی:شہر قائد میں کورنگی نمبر 4 کے علاقے میں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت میں قائم نماز کی ٹوپی بنانے والے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تیسری، چوتھی منزل اور چھت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔
فائر بریگیڈ افسر ظفر خان کے مطابق آتشزدگی کے وقت کارخانے میں 7 کاریگر موجود تھے، جنہیں ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کارخانے میں کپڑے سے نماز کی ٹوپیاں تیار کی جاتی تھیں۔ فائر حکام کا کہنا ہے کہ کارخانے کے اطراف رہائشی مکانات بھی موجود تھے جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ سے محفوظ رکھا گیا۔
ظفر خان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی نقصان کے حجم کا تخمینہ لگایا جا سکا ہے۔
تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ عملے کی بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔