طالبات سے بھری وین میں آگ لگ گئی، ایک طالبہ جاں بحق، 8 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
احمدپور شرقیہ: احمد پور ایسٹ ٹول پلازہ کے نزدیک طالبات سے بھری ہائی ایس وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہو گئیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،جب گاڑی میں 18 طالبات سوار تھیں جو امتحان دے کر واپس جا رہی تھیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور طالبات کو وین سے نکالا گیا جب کہ زخمی طالبات کو موٹروے پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے بعد ازاں جائے حادثہ کو محفوظ بناتے ہوئے ٹریفک کی روانی بحال کرائی۔ ترجمان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹروے پولیس
پڑھیں:
کراچی، سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، شہری کی فائرنگ سے ملزم زخمی، گرفتار
کراچی:شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا کی پٹھان کالونی میں شہید قبرستان کے قریب اسٹریٹ کرمنلز نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی۔
تاہم شہری کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب عبداللہ نامی شہری سے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی۔
شہری نے فوری ردعمل دیتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت اکرام کے نام سے کی گئی ہے، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔