جڑانوالہ‘ چنیوٹ دورہ‘ عزاداروں کو سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
چنیوٹ‘ جڑانوالہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب و انچارج محرم انتظامات فیصل آباد ڈویژن، عظمیٰ بخاری نے عشرہ محرم الحرام کے انتظامی و حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے چنیوٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈی پی او عبداللہ احمد نے ڈی سی آفس میں محرم الحرام کے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ "عزاداروں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خلا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔"انہوں نے جلوسوں کے منتظمین اور لائسنس داران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ "محرم، رواداری، بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ہم سب اضلاع میں متحرک ہیں تاکہ ہر سطح پر امن و انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ فلیش پوائنٹس پر خصوصی الرٹ، سکیورٹی اداروں کی مکمل ہم آہنگی اور امن کمیٹی کے علماء کرام سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شرانگیز یا نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ انہوں نے منتظمین سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جلوس منتظمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جڑانوالہ کا بھی دورہ کیا۔ مرکزی امام بارگاہ قصرِ بتول، جلوس کے روٹس، سبیلوں، فیلڈ ہسپتال، کلینک آن وہیل اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے جلوس کے داخلی و خارجی راستے علیحدہ رکھنے، کنٹرول روم کے سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل فعال رکھنے اور رضاکاروں کو تربیت دے کر تعینات کرنے کے احکامات دیئے۔ عظمیٰ بخاری نے اسسٹنٹ کمشنر دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایام عاشورہ کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں نکاسی آب کے خاص انتظامات کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر، ایس ایس پی آپریشن، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وزیر اطلاعات
پڑھیں:
شہباز شریف کی این ڈی ایم اے کو ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل فراہم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد میں ایک ہنگامی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے رابطے مزید مربوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورد و نوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچایا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں پر سیلاب کی صورتحال کے جائزے کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیرِ اعظم کو ملک کے بالائی حصوں میں کلاؤڈ برسٹ، فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، انہیں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تمام تر تعاون فراہم کرنے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے رابطے مزید مربوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورد و نوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچایا جائے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان کو ٹرکوں کے ذریعے فوری بھیجا جائے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں و سیاحوں کو فوری محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف کو اجلاس میں نقصانات کا جائزہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو و ریلیف آپریشن پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دوران گفتگو انہوں نے خیبر پختونخوا میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا۔