وہاب کا دل پھر گیند تھامنے کیلیے مچلنے لگا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
وہاب ریاض کا دل پھر گیند تھامنے کیلیے مچلنے لگا، پی سی بی کے ساتھ منسلک سابق پیسر ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں حصہ لیں گے، اس سے قبل انھیں پی ایس ایل میں بولنگ کوچ بننے کی اجازت نہیں ملی تھی، البتہ اب این او سی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
وہ مستقبل میں شاہینز کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں، سرفراز احمد کا نام بھی پاکستان چیمپئنز اسکواڈ میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویاب ریاض کافی عرصے سے مختلف حیثیتوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے کام کر رہے ہیں، انھیں چیمپیئنز کپ کے لیے منتخب شدہ پانچوں مینٹورز کا ’’باس‘‘ بھی بنایا گیا تھا، اب یہ پروجیکٹ ہی ختم ہو چکا، البتہ پی سی بی کی جانب سے واضح اشارے دیے جانے کے باوجود سوائے شعیب ملک کے کوئی مستعفی نہیں ہوا، دیگر مینٹورز مصباح الحق، سرفراز احمد، ثقلین مشتاق اور وقار یونس ہیں، 50 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کرنے والے مینٹورز کو برطرف کرنے پر بورڈ کو 3 ماہ کی تنخواہ ادا کرنا پڑے گی۔
وہاب ریاض کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑے 5 برس ہو چکے، اب ان کا نام سابق کرکٹرز کی ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کی ٹیم پاکستان چیمپیئنز میں شامل ہے، اس کے اونر وقار یونس کے ہم زلف کامل خان ہیں، وہاب کو پی ایس ایل 10میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بولنگ کوچ بننے کی اجازت نہیں ملی تھی۔
البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ انگلینڈ میں شیڈول ایونٹ کے لیے انھیں این او سی جاری کر دیا جائے گا، وہاب مستقبل میں پاکستان شاہینز کی کوچنگ کے بھی خواہاں ہیں، اسکلز کیمپ میں وہ بولرز کی ’’رہنمائی‘‘ کرتے نظر آئے تھے، سابق کپتان سرفراز احمد بھی لیجنڈز ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ کھلاڑیوں کی طرح سابق کرکٹرز کو بھی سال میں 2 لیگز کھیلنے کی اجازت ہے، البتہ اس دوران انھیں بورڈ کی جانب سے تنخواہ ادا نہیں کی جاتی، ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کی ٹیم پاکستان چیمپیئنز کو گذشتہ برس فائنل میں بھارت نے ہرایا تھا، اس وقت قیادت یونس خان نے سنبھالی تھی۔
رواں ایڈیشن میں یونس خان سمیت مصباح الحق کی شرکت بھی مشکوک ہے، تاحال 10 کھلاڑیوں شاہد آفریدی، شعیب ملک، سرفراز احمد، شرجیل خان، وہاب ریاض، آصف علی، کامران اکمل، عامر یامین، سہیل خان اور سہیل تنویر کی شرکت کی تصدیق ہو پائی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان شاہینز لگاتار تیسرے سال ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لیں گے
لاہور:پاکستان شاہینز لگاتار تیسرے سال ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لیں گے۔
ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز 14 سے 24 اگست تک ڈارون میں ہوگی، پہلا میچ 14 اگست کو پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان ہوگا، ایونٹ میں کل 11 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
2023 میں پاکستان شاہینز نے فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پچھلے سال سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید کا مطابق ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان شاہینز مسلسل تیسرے سال اس ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے۔
یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے، سمیر احمد سید۔
ہم ناردرن ٹیریٹری کرکٹ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ اس ٹورنامنٹ کو پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کیا، سمیر احمد سید۔