ماڈرن ورلڈ 80 برس سے دو سنگین المیوں سے دوچار ہے، ایک فلسطین اور دوسرا کشمیر کا المیہ۔ دونوں ہی ناجائز قبضے سے جڑے انسانی المیے۔ ایک یہود تو دوسرا ہنود کا پیدا کردہ مسئلہ۔ اگر یہ اتفاق ہے تو حد درجہ حیران کن کہ پہلی بار یہ دونوں لگ بھگ ساتھ ساتھ پٹے اور بری طرح پٹے۔ ایک کے اوسان خطا ہونے میں چار دن لگے جبکہ دوسرے کا حربی سٹیمنا فقط 12 روز کا ثابت ہوا۔ طویل جنگ کا تجربہ اسرائیل کے پاس ہے اور نہ ہی انڈیا کے پاس۔ خود پاکستان بھی طویل جنگ کے کسی تجربے سے نہیں گزرا، چاروں ممالک میں سے فقط ایران ہے جو 8 سالہ جنگ کا تجربہ رکھتا ہے۔
کسی کو اچھا لگے یا برا، مگر حقیقت یہی ہے کہ فلسطین کا عملی والی وارث آج کی تاریخ میں ایران ہے، اسے اسی جرم کی سزا دینے کی کوشش کی گئی کہ اسرائیل جس مزاحمت کا سامنا کررہا ہے اس کا بارود ایران کا فراہم کردہ ہے۔ اس کے جرنیلوں اور سائنسدانوں کی قربانی اسی راہ میں دی گئی قربانی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کے براہِ راست والی وارث وہ ایران اور پاکستان ہیں، جن کی سرحدیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔
سال بھر قبل تک صورتحال یہ تھی کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں انڈیا کو پاکستان پر فوقیت حاصل تھی۔ لیکن پچھلے ایک سال کے دوران یہ صورتحال بتدریج تبدیل ہوئی ہے۔ گویا ایران پاکستان سے دوستانہ تعلقات کو اہمیت دینے کی راہ پہلے ہی اختیار کرچکا، لیکن اس حالیہ جنگ میں انڈیا نے ایران کے ساتھ جو کچھ کیا ہے وہ کسی دشمن کا ہی چلن تھا، اور عین اسی حربی صورتحال میں پاکستان نے ایران کے لیے وہ کچھ کیا جس پر ایران عین دوران جنگ اظہار تشکر کرتا نظر آیا۔ پشتو کی کہاوت ہے۔
’اے خدا کچھ برے دن دکھا، تاکہ مجھے اپنے اور پرائے کی شناخت نصیب ہو‘
سو ایران نے 12 مشکل ایام میں اچھی طرح دیکھ لیا کہ اس کا دوست کون ہے، اور دشمن کون؟ غلط فہمیاں ہی نہیں خوش فہمیاں بھی پھررر کرکے پراں ہوگئیں۔ جانتے ہیں اس کے کتنے گہرے اور دوررس جیو اسٹریٹیجک نتائج نکلنے ممکن ہوگئے ہیں؟
مئی میں پاکستان کو انڈیا کا سامنا تھا تو اسرائیل انڈیا کی مدد کے لیے موجود نظر آیا، یہی تب بھی ہوا جب جون میں ایران کو اسرائیلی حملے کا سامنا کرنا پڑا، اس جنگ میں انڈیا کی ’را‘ اسرائیل کی موساد کی مددگار ثابت ہوئی۔ یوں تاریخ میں پہلی بار یہ موقع بنا ہے کہ پاکستان اور ایران بھی یہ طے کرلیں ان دونوں میں سے بھی جسے دشمن کا سامنا ہوگا تو دوسرا صرف سیاسی ہی نہیں حربی ساتھ بھی نبھائے گا۔ جی ہاں! آپ درست سمجھے، ہم مشترکہ دفاع کی ہی تجویز پیش کررہے ہیں۔
پاکستان کے لیے یہ کوئی نئی چیز نہ ہوگی، ہم اس سے قبل دو عرب اسرائیل جنگوں میں عرب ممالک کی طرف سے اپنے پائلٹ پیش کرچکے ہیں، اور ان پائلٹوں نے اسرائیلی طیارے گرا رکھے ہیں، بالخصوص سیف الاعظم نے تو تین اسرائیلی طیارے گرائے تھے۔
مشترکہ دفاع کی یہ تجویز دونوں مملک کے لیے اپنی اپنی جگہ بے حد اہمیت رکھتی ہے، مثلاً آپ ایرانی نقطہ نظر سے دیکھیں تو ان کی سب سے بڑی کمزوری ان کی فضائیہ ہے، جو فی الحال نہ ہونے کے برابر ہے، اور اسی وجہ سے ایران کی فضاؤں پر اسرائیلی طیاروں کا راج تھا، جبکہ پاکستان کی فضائیہ دنیا کی مؤثر ترین ایئرفورس مانی جاتی ہے، اسرائیل کو تو عملی تجربہ بھی حاصل ہے کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس کا وار کتنا مہلک ہوتا ہے، بالخصوص اگر ایران واقعی جے 10 سی حاصل کرلیتا ہے تو پاک فضائیہ کا کام تو مزید آسان ہوجائے گا۔ کسی اگلی ممکنہ جنگ میں اسرائیل کے لیے طے کرنا ناممکن ہوجائے گا کہ ایران کی فضاؤں میں اسے پاکستانی جے 10 سی کا سامنا ہوگا یا ایرانی؟ ایرانی نقطہ نظر سے مشترکہ دفاع کی دوسری اہمیت یہ ہوگی کہ چین سے براستہ پاکستان اس کی زمینی لاجسٹک سپورٹ ممکن ہوجائے گی۔
پاکستان کے نقطہ نظر سے مشترکہ دفاع کی اہمیت یہ ہوگی کہ فی الحال ہماری سپلائی لائن سمندری راستے سے ہے، ضرورت کی دیگر اشیا ہی کیا ہمارا تو تیل بھی سمندری راستے سے آتا ہے جو جنگ میں ایمونیشن کے بعد دوسری اہم ترین ضرورت ہے۔ سو ہمارے لیے مشترکہ دفاع سب سے بڑا فائدہ یہ لاسکتا ہے کہ براستہ ایران ہمیں خوراک اور تیل کے حوالے سے زمینی سپلائی لائن میسر آسکتی ہے، جبکہ ایک دوسری سپورٹ ہمیں ایرانی میزائلوں کی صورت بھی مل سکتی ہے۔
اگرچہ ہم نے دونوں ممالک کے لیے مشترکہ دفاع کی اہمیت جنگ کی صورت بتانے کی کوشش کی ہے لیکن اس مشترکہ دفاع کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ یہ ڈیٹرنس کا کام دے گا، یعنی جنگ کا امکان ہی بہت محدود ہوکر رہ جائے گا۔ اسرائیل ایران پر حملے سے اس لیے گریز اختیار کرے گا کہ اس صورت میں اسے اس پاکستان کا بھی سامنا ہوگا جو ایٹمی طاقت ہے، اس صورت میں ایران ایٹمی طاقت ہے یا نہیں، اس کی کوئی اہمیت رہ جاتی ہے؟ اور پاکستان تو ویسے بھی فرسٹ اسٹرائیک کی پالیسی رکھتا ہے، ایسے حالات میں اسرائیل ایران پر حملے کا رسک لے گا؟
یہی صورتحال ذرا مختلف شکل میں انڈیا کو بھی درپیش ہوگی، موجودہ وقت میں پاکستان کی ایک بڑی کمزوری یہ ہے کہ یہ کم چوڑائی والا ملک ہے، جس کی وجہ سے انڈین بارڈر سے دور واقع پاکستانی شہر اور تنصیبات بھی انڈین میزائلوں کے لیے آسان اہداف ہیں، ایران کے ساتھ مشترکہ دفاع کی صورت نہ صرف یہ کہ ہماری یہ درد سری دور ہوسکتی ہے بلکہ انڈین شہر بھی ایرانی میزائلوں کی رینج میں ہوں گے، اب پاکستان کی کم چوڑائی ایران کے لیے نہایت کارآمد ہوگی۔
مشترکہ دفاع کے امکان کا جائزہ سپر طاقتوں کے نقطہ نظر سے دیکھنا بھی ضروری ہے، کیونکہ ان سب کے بھی اسٹیک داؤ پر ہوں گے، امریکا کے لیے یہ صورتحال بہت ڈراؤنی ہوگی، جس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی یہ کہ امریکا اب وہ پرانا والا امریکا نہیں رہا، اس کی ہوا اس بری طرح نکل چکی کہ حالیہ ایران اسرائیل جنگ میں بھی یہ صرف اس ٹوپی ڈرامے تک ہی محدود رہا، جس کے تحت ٹرمپ میاں کا دعویٰ ہے کہ وہ ایران کا ایٹمی پروگرام نیست و نابود کرچکے، جبکہ باقی دنیا ہی کیا، امریکی میڈیا کا بھی ماننا ہے کہ بڑے میاں جھوٹ بول رہے ہیں۔ یوں گویا ایسا پہلی بار تھا جب امریکا نے کسی مسلم ملک کے خلاف جنگ کی زبان اختیار کرنے کی بجائے، زبان کے ہتھیار استعمال کرنے میں ہی عافیت جانی۔ اگر تنہا ایران سے بھی امریکا نے جنگ کا رسک نہیں لیا تو مشترکہ دفاع کی والی صورت میں وہ دو ممالک سے پنگا کیسے لے گا؟
روس اور چین کے لیے تو یہ صورتحال بہت ہی اطمینان بخش ہوگی، اگرچہ ایران چین کے لیے بھی جیو اکنامک حوالے سے بہت اہم ہے۔ کیونکہ ایران سے وہ یومیہ قریباً 18 لاکھ بیرل تیل خرید رہا ہے، لیکن روس کے لیے تو ایرانی اہمیت جیواسٹریٹیجک ہے، جس کی حساسیت زیادہ ہے، اگر ایران کے موجودہ نظم کی جگہ امریکی پٹھو وہاں مسلط ہوجائیں تو روس کی طرف وسطی ایشیا کے راستے امریکی پیش قدمی کا دروازہ کھل جائے گا، سو روس اور چین دونوں کے لیے پاک ایران اشتراک باعث اطمینان ہوگا۔
لے دے کر فی الحال پاک ایران مشترکہ دفاع کی راہ میں ایک ہی رکاوٹ ہے، اور وہ ہے ایران پر عائد امریکی پابندیاں، ان پابندیوں کے ہوتے ہم ایران کے ساتھ کوئی بھی شراکت اختیار کریں گے تو ہم بھی امریکی پابندیوں کا نشانہ بنیں گے، اس حوالے سے دو باتیں ہیں۔ پہلی یہ کہ امریکا تیزی سے اپنا اثرو رسوخ کھوتا چلا جا رہا ہے۔ پہلے یہ بات صرف ہم لکھا کرتے تھے، اب تو نجم سیٹھی جیسے امریکا کے وفادار بھی برملا کہنے لگے ہیں کہ امریکا اور اس کے مغربی اتحادی زوال سے دوچار ہیں، سو وہ وقت بہت جلد آرہا ہے جب امریکی پابندیاں صرف تاریخ کی کتابوں میں ملا کریں گی۔ دوسری بات یہ کہ فی الحال کے لیے مشترکہ دفاع کو رازداری میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اس باب میں پاکستان کے تجربے کا یہ عالم ہے کہ امریکا بنفس نفیس افغانستان میں موجود تھا، اور ہم اسی افغانستان کے بارڈر کے راستے وہ کچھ کرتے رہے جس پر امریکا صرف تلملا ہی سکتا تھا، کر کچھ نہ پاتا تھا۔ سو مشترکہ دفاع کے لیے امریکی پابندیوں کی آنکھ میں دھول جھونکنا کوئی مشکل کام نہیں، جب دونوں ملکوں کا بارڈر ملتا ہے تو پھر کیا ٹینشن؟ سو پریشانی والی کوئی بات نہیں، جب دونوں ممالک کے دشمن ایک ہیں تو پھر دفاع بھی ایک ہونا چاہیے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسرائیل ایران جنگ ایران پاک فضائیہ پاکستان مسئلہ فلسطین مسئلہ کشمیر مشترکہ دفاع وی نیوز مشترکہ دفاع کی میں پاکستان میں انڈیا کہ امریکا میں ایران کا سامنا فی الحال ایران کے کے ساتھ کے لیے رہا ہے جنگ کا
پڑھیں:
8 فروری الیکشن میں کچھ امیدواروں کو غیر قانونی طور پر کامیاب قرار دیا گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2025ء ) 8 فروری الیکشن سے متعلق کامن ویلتھ رپورٹ میں وسیع پیمانے پر انتخابی دھاندلی، انسانی و سیاسی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کا انکشاف، رپورٹ کے مطابق 8 فروری الیکشن میں کچھ امیدواروں کو غیر قانونی طور پر کامیاب قرار دیا گیا، پولنگ سٹیشنوں پر اصل نتائج کے فارم اور حتمی نتائج کے فارموں میں واضح تضاد موجود تھا۔ تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ کی جانب سے 8 فروری 2024ء کے انتخابات میں دھاندلی چھپانے میں مدد کا انکشاف ہو اہے۔ برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق اس حوالے سے لیک ہونے والی رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ رجیم نے 2024ء کا انتخاب عمران خان کی پی ٹی آئی پارٹی سے دھاندلی اور ووٹوں کی ہیرا پھیری کے ذریعے چُرایا، اس حوالے سے دولتِ مشترکہ پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اس نے پاکستان کی فوجی حمایت یافتہ حکومت کے ساتھ ملی بھگت کر کے 2024ء کے عام انتخابات میں وسیع پیمانے پر کی گئی دھاندلی کو چھپانے کی کوشش کی۔(جاری ہے)
بتایا گیا ہے کہ دولتِ مشترکہ کا سیکریٹریٹ عام طور پر اپنے رکن ممالک کے انتخابات کی نگرانی کے لیے ایک آزاد مبصر کے طور پر کام کرتا ہے اور اسی مقصد کے لیے اس نے فروری 2024ء کے الیکشن میں پاکستان میں 13 رکنی مبصر وفد بھیجا تھا لیکن اپنی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار دولتِ مشترکہ نے مشاہداتی رپورٹ شائع کرنے سے گریز کیا اور اس کے برعکس انتخابات کی شفافیت اور پاکستان کے جمہوری عمل کی تعریف کی، تاہم اب سامنے آنے والی رپورٹ جو کہ پہلے دبا دی گئی تھی اس میں واضح طور پر وسیع پیمانے پر انتخابی دھاندلی اور انسانی و سیاسی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں آزادی اظہار، اجتماع اور انجمن سازی پر پابندیاں شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجی پشت پناہی رکھنے والی حکومت نے عمران خان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو منصفانہ انتخابی مہم چلانے سے محروم رکھا، امیدواروں کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے پر مجبور کیا گیا اور پارٹی کو اس کا انتخابی نشان استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا، مبصر ٹیم نے بتایا کہ حکومتی فیصلے بار بار ایک جماعت کو غیر مساوی اور محدود انتخابی میدان میں دھکیلتے رہے، متعدد پولنگ سٹیشنوں پر اصل نتائج کے فارم اور حلقہ سطح پر جاری کیے گئے حتمی نتائج کے فارموں میں واضح تضاد موجود تھا، جس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر کچھ امیدواروں کو غیر قانونی طور پر کامیاب قرار دے دیا گیا۔ برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ رپورٹ کو پہلے غیر رسمی طور پر حکومتِ پاکستان سے شیئر کیا گیا اور بعد ازاں مبینہ طور پر حکومت نے اسے شائع نہ کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر دولتِ مشترکہ سیکریٹریٹ نے عمل کیا اور رپورٹ کو دبا دیا، یہ رپورٹ جو اب مکمل طور پر لیک ہو چکی ہے، ڈراپ سائٹ نیوز نے حاصل کی، جس میں دولتِ مشترکہ پر دھاندلی کو چھپانے میں ملوث ہونے کا الزام لگ رہا ہے، رپورٹ میں انتخابات میں منظم دھاندلی اور ریاستی مشینری کے غلط استعمال کا ذکر ہے، جس کے ذریعے عمران خان کی غیر موجودگی میں ان کی جماعت کو سیاسی عمل سے باہر رکھا گیا۔ دولتِ مشترکہ کے ترجمان نے اس معاملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان رپورٹس سے آگاہ ہیں جو آن لائن گردش کر رہی ہیں لیکن ان کا اصولی مؤقف ہے کہ وہ لیک شدہ دستاویزات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے، حکومتِ پاکستان اور الیکشن کمیشن کو رپورٹ پہلے ہی موصول ہو چکی ہے اور جیسا کہ پہلے بتایا گیا تھا یہ رپورٹ رواں ماہ کے آخر میں شائع کی جائے گی۔