کراچی، ڈبل کیبن کی موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر کی فوٹیج سامنے آگئی، ظفر عباس کا ڈرائیور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
کراچی: شہر قائد کے علاقے انچولی کے قریب ڈبل کیبن کی ٹکر سے نوجوانوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا
ایکسپریس نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈبل کیبن سڑک پر غلط سمت (رانگ وے) آرہی ہے اور اسی دوران ڈرائیور تیز رفتاری میں دوسری سڑک پر جانے کی کوشش کی تو موٹرسائیکل سوار گاڑی سے ٹکرائے اور اچھل کر دور فٹ پاتھ پر گرے۔
ویگو کے پیچھے بھی دو سیکیورٹی اہلکار بھی بیٹھے ہوئے تھے جبکہ حادثے کو دیکھ کر ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی تاہم واقعے کے بعد سڑک پر دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔
ڈبل کیبن گاڑی کے رانگ سائیڈ جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور مسلح گارڈز سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔
دوسری جانب ضلع وسطی کی پولیس نے جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جس کا بیان قلمبند کیا جارہا ہے۔
گزشتہ شب حادثے کے بعد ظفر عباس نے دعویٰ کیا تھا کہ موٹرسائیکل سوار اسپیڈ میں اور بغیر لائٹ کے آرہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج کے بعد اُن کا یہ بیان بھی غلط ثابت ہوگیا۔
واقعے کے کچھ دیر بعد ظفر عباس نے جائے وقوعہ پہنچ کر زخمیوں عبدالاحد اور نعیم کو فیڈرل بی ایریا کے نجی اسپتال منتقل کروایا اور پھر انہیں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کروادیا جہاں دونوں کا علاج جاری ہے اور ایک زخمی نوجوان موت و زندگی کی کشمکش میں وینٹی لیٹر پر ہے۔
ظفر عباس نے اعلان کیا ہے کہ وہ زخمیوں کے علاج و معالجے میں آنے والے تمام اخراجات خود ادا کریں گے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: 9 محرم کا جلوس، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی، سخت سیکیورٹی انتظامات
کراچی میں 9 محرم الحرام کے جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، اس سلسلے میں جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے، مرکزی جلوس میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور بُلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑاجا رہا ہے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 1 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔
ایم اے جناح روڑ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل اور لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں اور جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، سول اسپتال جانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی والا راستہ کھولا گیا ہے، جن گاڑیوں پر جلوس کا اسٹیکر آویزاں ہوگا صرف انہی کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔
تمام چھوٹی بڑی ٹریفک کو گرومندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ کی جانب موڑا جارہا ہے جبکہ ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی اور مارٹن روڈ، جیل روڈ کی جانب موڑا جارہا ہے جبکہ سپر ہائی وے سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر سے ناظم آباد چورنگی دو نمبر موڑ دیا گیا ہے۔
شاہراہ قائدین سے آنے والے ٹریفک کو خداداد سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔