ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان اور شمالی علاقوں میں گلوف کا امکان، الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان اور شمالی علاقہ جات میں گلیشئیر کے پھٹنے سے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ میں بتایا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ممکنہ بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے لہٰذا ہنزہ، شگر، گانچھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہائشی محتاط رہیں۔
این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ، جی بی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو حساس علاقوں کی نگرانی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
الرٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان اور بہاولنگر کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، زیارت، ڈیرہ بگٹی، سبی، چمن، کوئٹہ، مستونگ، قلات، سراب، خضدار،آوران اور پنجگور کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے لہٰذا محتاط رہیں اور متعلقہ ادارے حساس علاقوں میں ایمر جنسی مشینری اور آلات کی بروقت دستیابی یقینی بنائیں۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ نالوں، دریاؤں، اور تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور سیاح حضرات گلیشیئر کے قریبی علاقوں میں جانے، تصاویر بنانے یا ٹریکنگ سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے ہنگامی صورت حال میں سڑکوں کی بحالی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنایا جائیں اور عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان ڈی ایم اے نے علاقوں میں کے مختلف کا امکان
پڑھیں:
محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھٹنوں میں خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
خاص طور پر بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور چند جگہوں پر ژالہ باری بھی متوقع ہے جب کہ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک اور چکوال میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شمالی پنجاب کے شہروں جیسے لاہور، سیالکوٹ، خوشاب، سرگودھا، نارووال، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، قصور اور گوجرانوالہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں آسمان جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام جیسے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک اور وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بارش ہوئی اور کراچی میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔