تحریک انصاف کا آج جی ٹی روڈ پر پاور شو کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
پشاور(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج جی ٹی روڈ پر پاور شو کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ساڑھے 10 بجے کے پی ہاؤس میں ہوگا، جس میں تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بلایا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اعزاز میں ناشتہ بھی دیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور 300 سے زائد گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں لاہور روانہ ہوں گے، تحریک انصاف بذریعہ جی ٹی روڈ گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں لاہور جائے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کی تھی، جو ایک ماہ سے زائد عرصے کی مسلسل کوششوں کے بعد ممکن ہوئی، اس ملاقات کے دوران عمران خان نے ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی۔
یہ ملاقات بنیادی طور پر اس احتجاجی تحریک کے حوالے سے تھی جس کا اعلان عمران خان نے کیا ہے، اور جو 5 اگست کو اپنے عروج پر پہنچے گی، وہ دن جب ان کی گرفتاری کو 2 سال مکمل ہوں گے۔
عمران خان نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اب بات چیت کا وقت ختم ہو چکا ہے‘۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: تحریک انصاف
پڑھیں:
آزاد کشمیر میں سیاسی عدم استحکام جاری، پی پی نے تحریک عدم اعتماد تاحال جمع نہ کروائی
کراچی، مظفر آباد (نیوز ڈیسک) آزاد کشمیر میں سیاسی عدم استحکام جاری ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسلسل تاخیر کا شکار ہے اور تحریک عدم اعتماد آج بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے، فارورڈ بلاک سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی بھی پریشان ہیں۔
ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک کے چند اراکین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کو جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا، پیپلز پارٹی کے اراکین قیادت سے پوچھ رہے ہیں کہ حلقے میں کیسے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی اراکین اسمبلی اپنی قیادت سے پوچھ رہے ہیں کہ کارکنوں کو کیا جواب دیں، ووٹر سوال کرینگے کیا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے کشمیر ہاؤس میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ہی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے تاہم آئندہ 3 سے 4 روز تک تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔