ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز : پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیکر دوسری کامیابی حاصل کرلی
اشاعت کی تاریخ: 26th, July 2025 GMT
پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں جنوبی افریقا چیمپئنز کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں جمعہ کو پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقا چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دی۔ٹاس ہارنے کے بعد پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 198 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اوپنرز شرجیل خان نے 11 گیندوں پر 19 ، کامران اکمل 11 گیندوں پر 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان محمد حفیظ صرف 8 رنز بنا سکے۔ پھر شعیب ملک اور عمر امین کے درمیان 79 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ عمر امین نے 42 گیندوں پر 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شعیب ملک 34 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز بنائے۔آصف علی نے اختتامی اوورز میں 11 گیندوں پر 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔جبکہ عامر یامین نے 4 گیندوں پر ناقابل شکست 11 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈوان اولیویئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 167 رنز تک محدود رہی اور گرین شرٹس نے میچ 31 رنز سے جیت لیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے مورنے وین ویک نے 20 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ وین پرنیل نے 9 گیندوں پر 21 رنز بنائے، کرس مورس نے 10 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رومان رئیس، شعیب ملک، سہیل خان، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔31 رنز کی جیت کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان چیمپئنز نے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کو ہرایا تھا جبکہ بھارت کے خلاف میچ منسوخ ہوگیا تھا۔ذرائع کے مطابق پہلے یہ مطالبہ کیا گیا کہ شاہد آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ نہ بنایا جائے، بھارتی کرکٹر شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے میچ کھیلنے کی مخالفت کی۔بھارتی میڈیا میں بھی واویلا کیا گیا کہ آخر یہ میچ کھیلنے کی ضرورت کیا ہے، پریشر بڑھنے کے بعد منتظمین نے میچ منسوخ کرنے کو ہی مناسب سمجھا۔یاد رہے کہ پاکستان اپنا اگلا میچ آج ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے خلاف کھیلے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: جنوبی افریقا کی جانب سے گیندوں پر حاصل کی رنز کی
پڑھیں:
آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
میلبرن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے انتخاب نے کامیابی کی راہ ہموار کی۔ بھارت کی پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 125 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جس میں ابھیشیک شرما نے 68 اور ہرشیت رانا نے 35 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ دیگر بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ اکشر پٹیل 7، شبمان گل 5، شیوام دوبے 4، سنجو سیمسن 2، سوریا کمار یادیو ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، تلک ورما، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ آسٹریلوی بولرز میں جوش ہیزل ووڈ نے 3، زیویئر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس نے 2، 2 جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے 126 رنز کا ہدف باآسانی 13.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان مچل مارش 46، ٹریوس ہیڈ 28 اور جوش انگلس 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور ورون چکرورتی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔