بھارتی کرکٹرز کی لاکھوں روپے مالیت کی جرسیاں چوری ہوگئیں
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
ممبئی : اسٹیڈیم سے بھارتی کرکٹرز کی 261 جرسیاں چوری کر لی گئیں جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چوری کی واردات وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے آفیشل مرچنڈائز اسٹور پر ہوئی۔
ممبئی پولیس نے تقریباً ساڑھے 6 لاکھ روپے مالیت کی 261 جرسیاں چوری کرنے پر سکیورٹی مینیجر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم میرا روڈ ایسٹ کا رہائشی ہے جو مبینہ طور پر 13 جون کو بغیر اجازت اسٹور میں داخل ہوا تھا۔
چوری کا انکشاف حالیہ آڈٹ کے دوران ہوا جس میں اسٹاک غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔ اس کے بعد بی سی سی آئی حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا اور سکیورٹی مینیجر کو گتے کا ڈبہ اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا۔
اس کے بعد ماہم میں مقیم بی سی سی آئی کے ملازم ہیمانگ بھرت کمار نے 17 جولائی کو ممبئی پولیس کو شکایت درج کروائی تھی۔
ہیمانگ بھرت کمار اسٹیڈیم کے احاطے میں واقع بی سی سی آئی کے دفتر میں کام کرتے ہیں۔ اس نے الزام لگایا کہ سکیورٹی مینجر نے متعدد آئی پی ایل فرنچائزز کی جرسیاں چرا لیں، ان میں ممبئی انڈینز، چنئی سپر کنگز، دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلورو اور دیگر ٹیموں کی جرسیاں شامل ہیں۔
پولیس نے دفعہ 306 کے تحت ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ چوری شدہ جرسیوں کا سراغ لگانے اور واقعے کی ترتیب کا تعین کرنے کیلیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر مواد کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ایشیز سیریز اہم قرار، آسٹریلوی کرکٹرز بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز چھوڑنے لگے
انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کے پیش نظر آسٹریلوی کرکٹرز بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز چھوڑنے لگے۔ ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تمام ممکنہ کھلاڑی شیفلڈ شیلڈ کا اگلا راؤنڈ کھیلیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق شیفلڈ شیلڈ کے میچ کے لیے ٹریوس ہیڈ کو آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا، وہ بھارت کے خلاف آخری 2 ٹی ٹوئنٹی میچز نہیں کھیلیں گے۔
آسٹریلیا کے سرکردہ کرکٹرز شیفلڈ شیلڈ کا چوتھا راؤنڈ کھیلیں گے۔ ٹریوس ہیڈ، میچل اسٹارک، اسٹیو اسمتھ اور جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے آسٹریلیا کے کئی کرکٹرز نے ریڈ بال کرکٹ کو وائٹ بال کرکٹ پر ترجیح دی ہے۔ جوش ہیزل ووڈ اور شین ایبٹ بھی ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے الگ ہو گئے۔
تنویر سانگھا کو بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے، وہ ون ڈے کپ کھیلیں گے، بین ڈارشیوس کو بھارت کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ 6 اور 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔