روس کا دنیا کے جدید ترین اور تباہ کن کروز میزائل کا تجربہ
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
روس نے ایک بار پھر دنیا کو اپنی عسکری طاقت کا احساس دلاتے ہوئے جدید ترین کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
یہ تجربہ شمالی سمندری حدود میں واقع بحیرہ برینٹس میں اس وقت کیا گیا جب روسی نیوی کی نیوکلیئر آبدوز ’’اوریل‘‘ کو میدان میں اتارا گیا۔
یہ آبدوز نائن فورنائن اے اینتے کلاس سے تعلق رکھتی ہے، جو روس کے جدید ترین جنگی بحری بیڑے کا حصہ ہے اور اپنے اندر تباہ کن صلاحیتیں سمیٹے ہوئے ہے۔
اوریل آبدوز کو گرانیٹ کروز میزائلوں سے لیس کیا گیا ہے، جن کے بارے میں دفاعی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ یہ روایتی بحری کروز میزائلوں سے چار گنا بڑے اور کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔ ہر اینتے کلاس آبدوز میں 24 گرانیٹ میزائل نصب کیے گئے ہیں، جو انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے ’’کیرئیر اسٹرائیک گروپس‘‘ کو بھی پانچ سو کلومیٹر کے فاصلے سے نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ آبدوز نہ صرف سمندر میں جنگی جہازوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، بلکہ کثیر المقاصد کردار ادا کرتے ہوئے ساحلی علاقوں اور فضا میں بھی دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ مشقوں کے دوران اوریل آبدوز نے فرضی دشمن کے جنگی طیاروں، ڈرونز، اور ریموٹ کنٹرول کشتیوں کو کامیابی سے تباہ کیا، جب کہ دور دراز سمندری اور ساحلی اہداف پر بھی میزائلوں سے بھرپور حملے کیے گئے۔
دفاعی تجزیہ کار اس تجربے کو روس کی بحری قوت میں ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو نہ صرف اس کے تکنیکی برتری کی علامت ہے بلکہ عالمی سطح پر طاقت کے توازن کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ سوویت یونین کے بعد سے اب تک اینتے کلاس آبدوز کو بحری جنگ کے سب سے مؤثر ہتھیاروں میں شمار کیا جا رہا ہے، اور حالیہ تجربہ اسی مؤثریت کا عملی مظاہرہ ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دیو ہیکل بحری جہاز "ایم ایس سی ڈیلیٹا” کراچی پورٹ پہنچ گیا
کراچی : دیو ہیکل بحری جہاز ‘ایم ایس سی ڈیلیٹا ‘ کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ، جو بندرگاہ کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔تفصیلات کے مطابق دنیا کا دیو ہیکل کنٹینر بحری جہاز "ایم ایس سی ڈینلیٹا” کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ پہنچ گیا ہے اور کے پی ٹی کے مخصوص ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا۔کراچی پورٹ ٹرسٹ نے بتایا کہ یہ بحری جہاز اپنی نوعیت اور حجم کے اعتبار سے انتہائی وسیع ہے، جو بندرگاہ کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔کے پی ٹی کا کہنا تھا کہ 400 میٹر طویل اور 67 میٹر چوڑا یہ بحری جہاز 255,288 ڈیڈ ویٹ ٹن گنجائش رکھتا ہے، جو اسے دنیا کے بڑے تجارتی جہازوں میں شامل کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اتنے بڑے جہاز کی آمد اس بات کا مظہر ہے کہ کراچی پورٹ جدید سہولیات اور بڑے بحری جہازوں کو سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ادارے کے مطابق ایسے بڑے جہازوں کی آمد سے بندرگاہ کی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا، عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد مضبوط ہوگا اور پاکستان کی تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔