چینی سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی سیٹلائٹ کے کامیاب خلا میں بھیجے جانے پر مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
اسلام آباد:
چین کے ایک اہم خلائی مرکز شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیجنے پر چین کے سفارت خانے نے پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی ہے۔
چین کے سفارت خانے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کے نئے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ یہ سیٹلائٹ ہمارے آہنی بھائی کی زمین سے متعلق وسائل کے سروے اور آفات سے بچاؤ و تخفیف کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن(سپارکو) کے زیر انتظام ہے اور اس کا مقصد ملک میں زراعت، شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی نگرانی اور قدرتی آفات جیسے سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگی اور مؤثر اطلاع دینا ہے۔
چینی سفارت خانے بتایا کہ یہ پاکستان کا دوسرا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ ہے، اس سے قبل پہلا سیٹلائٹ PRSS-1 جولائی 2018 میں چین کے جیوکوان لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔
چینی سفارت خانے کا بیان پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں نئی جہت کی نشان دہی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان "آہنی بھائی چارے" کا مظہر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کی سائنسی صلاحیتوں کو فروغ دے گا بلکہ خطے میں موسمیاتی تغیر، زرعی ترقی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سفارت خانے چین کے
پڑھیں:
صدر زرداری کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری سے ملاقات
تصویر سوشل میڈیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے سیکریٹری چن جینِنگ سے ملاقات ہوئی، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سندھ کے وزراء شرجیل میمن اور ناصرحسین شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ ژی ڈونگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چینی قیادت اور شنگھائی الیکٹرک کے صدر سمیت اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔
سیکرٹری سی پی سی نے صدر سے گفتگو میں کہا کہ ہر چینی پاکستان کو آئرن برادر اور ہر موسم کا ساتھی سمجھتا ہے، فروری میں صدر زرداری کی صدر شی جن پنگ سے ملاقات نتیجہ خیز رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک آئندہ سال تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منانے کے منتظر ہیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا مخالف اور دشمن عناصر پاک چین دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، پاک چین دوستی نسل درنسل آگے بڑھے گی اور مزید مستحکم ہوگی۔ انھوں نے کہا پاک چین تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدت پر بھی بات چیت ہوئی، ملاقات کے بعد صدر زرداری اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔