مودی! تمہاری طرح بزدل نہیں، بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا، بھارت گرے لسٹ کیلئے 100 فیصد فٹ ہے: گنڈا پور
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
پشاور (بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کے خلاف فیٹف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) جانے کا اعلان کر دیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بھارت نے ان کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا اور پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈلوانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ مودی! میں تمہیں پیغام دے رہا ہوں، ہم تمہاری طرح بزدل نہیں جو رات کی تاریکی میں آئیں، ہم نعرہ لگا کر آتے ہیں، دشمن کو بتا کر آتے ہیں، بھارت کو FATF کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کیلئے خود ثبوتوں کے ساتھ عالمی فورمز پر جاؤں گا اور یہ ثابت کروں گا کہ انڈیا گرے لسٹ میں جانے کیلئے سو فیصد فٹ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت آج سے نہیں بلکہ ہمیشہ سے پاکستان، خصوصاً بلوچستان، گلگت بلتستان اور خطے میں دہشتگردی میں ملوث رہا ہے، افغان جنگ کے دوران بھارت نے 100 سے زائد قونصل خانے کھول کر پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دی۔ان کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں اور تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے تانے بانے بھی بھارت سے جا ملتے ہیں، پاکستانی حکومتیں، دفاعی ادارے، عوام اور پوری قوم ملک کے دفاع کیلئے متحد ہیں اور ہر محاذ پر بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ آج مجھے عمران خان کی وہ بات یاد آ رہی ہے جو انہوں نے مودی کے بارے میں بالکل ٹھیک کہی تھی کہ ’’Small man in big office‘‘۔واضح رہے کہ 21 اکتوبر 2022ء کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں تقریباً 52 ماہ شامل رہنے کے بعد پاکستان کا نام اس فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بھارت کا گنڈاپور کے بیان کو استعمال کرنا پی ٹی آئی کیلئے شرمناک: عظمیٰ بخاری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ، نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو بھارت کی جانب سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ تحریک انصاف کے لیے ایک شرمناک لمحہ بھی ہے۔ یہ عمل نہ صرف علی امین گنڈاپور کے لیے باعثِ ندامت ہے بلکہ پوری پی ٹی آئی کی سیاسی ناپختگی کا ثبوت بھی ہے۔ ان لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ یہ منہ کھولنے سے پہلے سوچنے کی زحمت ہی نہیں کرتے۔انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دن رات محنت اور مؤثر سفارتکاری سے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلوایا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی مغربی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوئی اور یورپی یونین کے ساتھ نئے مواقع پیدا ہوئے۔ تحریک انصاف کی قیادت نے پاکستان کو اقتصادی بدحالی کی طرف دھکیلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اس جماعت سے قومی مفاد کی توقع رکھنا فضول ہے۔ پی ٹی آئی کی تاریخ ریاستی اداروں کی تضحیک، قومی سلامتی کے معاملات میں غیر سنجیدگی، اور عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کمزور کرنے کی سازشوں سے بھری پڑی ہے۔عظمیٰ بخاری نے بھارت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنگی شکست کے بعد بھارت عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے اور مودی حکومت اب جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کے خلاف محاذ کھولنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کا فیٹف جیسے فورمز پر بیانیہ گنڈاپور جیسے افراد کی غیر سنجیدگی سے تقویت پاتا ہے، جو قومی سلامتی سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔