مودی کی اتحادی جماعت کے مشہور سابق رکن اسمبلی کو ریپ کیس میں عمر قید کی سزا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
نیو دہلی:
بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹکا کی عدالت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اتحادی جنتا دل کے سابق رکن اسمبلی اور بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے رہنما کو گھریلو ملازمہ کے ریپ کیس میں عمر قید کی سزا سنا دی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے سابق رکن پراجوال ریوانا کرناٹکا کے بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں تاہم انہیں سابق گھریلو ملازمہ سے جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیے جانے کے ایک روز بعد سزا سنائی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 34 سالہ سابق رکن اسمبلی پر الزام پہلی مرتبہ 2023 میں عائد ہوئے تھے اور اس دوران سیکڑوں نامناسب ویڈیوز منطر عام پر آگئی تھیں اور ملک بھر میں احتجاج کیا گیا تھا۔
پراجوال ریوانا نے فرد جرم سے انکار کیا تھا تاہم گزشتہ روز جب وہ مجرم ثابت ہوئے تو نم آنکھوں سے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں کم سے کم سزا دے دیں۔
بھارتی قانون کے مطابق وہ اس سزا کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق پراجوال ریوانا بھارت کے سابق وزیراعظم ایچ ڈی ڈیو گوڈا کے پوتے ہیں اور ان کی سیکولر جماعت جنتا دل موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کی اتحادی ہے۔
بھارت میں عام طور پر ایسے بااثر سیاسی پس منظر رکھنے والے افراد کو سزائیں ملنا غیرمعمولی واقعہ ہے۔
پراجوال ریوانا اپریل 2024 میں سفارتی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک چلے گئے تھے جبکہ ان کی ریاست میں ان کی سیکڑوں ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا تھا تاہم ان کے دفتر سے عہدیداروں نے مؤقف دیا تھا کہ ویڈیوز جعلی ہیں۔
بعد ازاں وہ جرمنی سے واپس بھارت آگئے تھے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
پراجوال ریوانا کو اس وقت مزید دو ریپ کیسز اور ایک ہراسانی کیس کا سامنا ہے جبکہ انہوں نے الزامات مسترد کریا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جنگی جنون سر چڑھ گیا؛ مودی سرکار خطے کو ایک بار پھر جنگ میں دھکیلنے میں مصروف
جنگی جنون مودی سرکار کے سر چڑھ گیا، جہاں بی جے پی کی کٹھ پتلی حکومت ایک مرتبہ پھر خطے کو جنگ میں دھکیلنے کی تیاری میں مصروف ہے۔
بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ کو بھارتی وزارتِ دفاع کی جانب سے جدید دفاعی نظاموں کے اہم آرڈرز موصول ہوئے ہیں۔ سمندری جارحیت کے لیے جدید مواصلاتی اور میری ٹائم نظام کا حصول مودی سرکار کی منظم سازش ہے ۔ جدید ٹارگٹ سسٹمز، جیمرز اور سیکرز بھارت کی جنگی جنوں کا ثبوت ہیں۔
مودی سرکار نام نہاد جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے آپریشن سندور کی بد ترین شکست کا دھبہ نہیں مٹا سکی۔ بھارت کی جانب سے جنگی سامان اور الیکٹرانک آلات کا حصول پاکستان کے خلاف جارحانہ تصادم کی تیاری ہے۔ یہ اقدامات مودی کی بی جے پی اور آر ایس ایس کی انتہا پسند ہندوتوا اور جنگی ذہنیت کے عکاس ہیں۔
ملکی دفاع کے نااہل دعوے دار مودی کی حاصل کی گئی ٹیکنالوجی خالصتاً بنیادی جنگی ڈھانچہ ہے۔جدید ہتھیاروں کے باوجود آپریشن سندور میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست مودی کا غرور خاک میں ملا چکی ہے۔ پاکستان آئندہ بھی بھارت کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور اور مؤثر جواب دینےکی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان کی جدید الیکٹرانک وارفیئر صلاحیتیوں میں کاؤنٹر جیمنگ، جدید ہتھیار اور مضبوط کمانڈ شامل ہیں۔ پاکستان خطے کو بھارت کے جنگی جنون اور بالادستی کے خوابوں کا متحمل نہیں ہو نے دے گا۔
بھارت کے حالیہ دفاعی معاہدے محض جدت کے لیے نہیں، بلکہ جارحانہ عسکری عزائم کا واضح اشارہ ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے حصول سے کیا مودی سرکار اپنی ناقص جنگی حکمت عملی پر پردہ ڈالنے میں کامیاب ہو جائے گی؟۔