کوہستان کے برف پوش پہاڑوں سے حیرت انگیز خبر، 28 سال بعد برف سے لاش برآمد
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
کوہستان کے پہاڑی علاقے لیدی ویلی میں ایک مقامی شخص عمر خان کو گلیشیئر کے قریب ایک انسانی لاش ملی، جس کی شناخت بعد میں قومی شناختی کارڈ کی مدد سے نصیرالدین کے طور پر ہوئی، جو 1997 میں اپنے بھائی کے ساتھ سفر کے دوران لاپتا ہو گئے تھے۔
ان کے بھائی کثیرالدین کے مطابق وہ خاندانی دشمنی کی وجہ سے متبادل اور دشوار گزار راستوں سے سفر کرتے تھے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ اس وقت فائرنگ کی آواز سنی گئی تھی، جس کے بعد نصیرالدین لاپتا ہو گئے۔ امکان ہے کہ وہ گلیشیئر میں گر گئے تھے اور ان کی لاش برف کے پگھلنے کے باعث 28 سال بعد ظاہر ہوئی۔
نصیرالدین ولد بہرام (قوم صالح خیل) کی لاش حیرت انگیز طور پر محفوظ حالت میں ملی۔ ان کی واسکٹ اب بھی ان کے جسم پر موجود تھی، اور جیب سے شناختی کارڈ برآمد ہوا جس سے ان کی شناخت ممکن ہوئی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کے شناختی کارڈ اور دیگر سامان بالکل محفوظ حالت میں تھا۔
مقامی لوگوں نے اس واقعے کو ایک جذباتی اور افسوسناک لمحہ قرار دیا۔ ایک جانب خاندان کو 28 سال بعد اپنے پیارے کی واپسی نے تسلی دی، تو دوسری طرف جدائی کا غم دوبارہ تازہ ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر نصیرالدین کے اہل خانہ فوراً موقع پر پہنچے اور طویل انتظار کے بعد انہیں اپنے عزیز کو دفنانے کا موقع ملا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گلیشیئرز میں شدید سردی، نمی کی کمی اور آکسیجن کی غیر موجودگی لاشوں کو دہائیوں تک محفوظ رکھ سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث مستقبل میں بھی اس طرح کی دریافتیں ممکن ہیں، جو ماحولیاتی تبدیلی کی ایک واضح علامت ہیں۔
Post Views: 7.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی، ڈمپر کی ٹکر سے شہری جاں بحق، مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی
فائل فوٹوکراچی کے علاقے نشتر روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا، مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے، حادثے میں متوفی کی بیوی بھی زخمی ہوئی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ متوفی شاہ زیب گارڈن کا رہائشی تھا، شہری کی لاش اور زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔