امریکی صدر کے ایلچی کی روسی صدر سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
روسی سرمایہ کاری کے ایلچی کیرل دمتریف، جنہوں نے اسٹیو وٹکوف کا استقبال کیا اور کریملن کے قریب ایک پارک میں ان کے ساتھ چہل قدمی کی، نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مکالمہ غالب آئے گا، دونوں فریقوں کی طرف سے بات چیت کے مواد پر کوئی فوری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ اسٹیو وٹکوف نے کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، یہ ملاقات اس ڈیڈ لائن سے دو دن قبل ہوئی جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو یوکرین میں امن کے لیے رضامند ہونے یا نئی پابندیوں کا سامنا کرنے کے لیے دی تھی۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیو وٹکوف ماسکو میں ایک ہنگامی مشن پر پہنچے تھے تاکہ 2022 میں روس کے حملے سے شروع ہونے والی ساڑھے تین سالہ جنگ میں کوئی پیش رفت حاصل کی جا سکے۔ روسی خبر رساں اداروں کے مطابق مذاکرات تقریباً تین گھنٹے بعد ختم ہوئے اور اسٹیو وٹکوف کا قافلہ کریملن سے روانہ ہوتے دیکھا گیا۔
روسی سرمایہ کاری کے ایلچی کیرل دمتریف، جنہوں نے اسٹیو وٹکوف کا استقبال کیا اور کریملن کے قریب ایک پارک میں ان کے ساتھ چہل قدمی کی، نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مکالمہ غالب آئے گا۔ دونوں فریقوں کی طرف سے بات چیت کے مواد پر کوئی فوری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ٹرمپ، جو امن کی سمت پیش رفت کی کمی پر پیوٹن سے مایوس ہیں، نے روسی برآمدات خریدنے والے ممالک پر بھاری محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ وہ خاص طور پر بھارت پر دباؤ ڈال رہے ہیں، جو چین کے ساتھ روسی تیل کا ایک بڑا خریدار ہے، کریملن کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک کو سزا دینے کی دھمکیاں غیر قانونی ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ روس ٹرمپ کی دھمکی کو ٹالنے کے لیے اسٹیو وٹکوف کو کیا پیشکش کر سکتا ہے۔ بلوم برگ اور آزاد روسی خبر رساں ادارے دی بیل نے اطلاع دی ہے کہ کریملن ممکنہ طور پر روس اور یوکرین کی طرف سے فضائی حملوں پر ایک عارضی پابندی کی تجویز دے سکتا ہے، یہ خیال بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پچھلے ہفتے پیوٹن سے ملاقات میں پیش کیا تھا۔ اگر یہ تجویز منظور ہو جائے تو بھی یہ اس مکمل اور فوری جنگ بندی سے بہت کم ہو گا جس کی یوکرین اور امریکا کئی ماہ سے کوشش کر رہے ہیں، تاہم اس سے دونوں فریقوں کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے۔
مئی میں دونوں فریقوں کے درمیان براہ راست امن مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے بعد روس نے جنگ کے سب سے شدید فضائی حملے کیے، جن میں صرف کییف میں کم از کم 72 افراد ہلاک ہوئے تھے، ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ان روسی حملوں کو ’ قابل نفرت’ قرار دیا تھا۔ جواب میں یوکرین روسی ریفائنریوں اور تیل کے ذخائر کو نشانہ بناتا رہا ہے اور ان پر کئی بار حملے کر چکا ہے۔ پیوٹن کے قریبی تین ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ پیوٹن ٹرمپ کی پابندیوں کی الٹی میٹم کے آگے جھکنے کا امکان نہیں رکھتے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ جنگ میں غالب آ رہے ہیں اور ان کے فوجی مقاصد امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی خواہش سے زیادہ اہم ہیں۔
روسی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ پوتن کو شک ہے کہ امریکا کی مزید پابندیوں سے کوئی خاص فرق پڑے گا، کیونکہ گزشتہ ساڑھے تین سال کی جنگ میں متعدد معاشی پابندیوں کے باوجود بھی روسی معیشت نے کام جاری رکھا ہے۔ دو ذرائع نے کہا کہ روسی رہنما ٹرمپ کو ناراض نہیں کرنا چاہتے اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ واشنگٹن اور مغرب کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے ایک موقع کو گنوا سکتے ہیں، لیکن ان کے لیے جنگی اہداف زیادہ اہم ہیں۔ روسی ذرائع کے مطابق پیوٹن کی امن کے لیے شرائط میں شامل ہیں: ایک قانونی طور پر پابند معاہدہ کہ نیٹو مشرق کی طرف توسیع نہیں کرے گا، یوکرین کی غیر جانبداری، روسی زبان بولنے والوں کا تحفظ، اور جنگ میں روس کی حاصل کردہ علاقائی فتوحات کو تسلیم کیا جائے۔
زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین روس کی ان مقبوضہ علاقوں پر خودمختاری کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا اور کییف کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ نیٹو میں شمولیت چاہتا ہے یا نہیں۔ اسٹیو وٹکوف، جو ایک ارب پتی رئیل اسٹیٹ کاروباری ہیں، جب وہ جنوری میں ٹرمپ کی ٹیم میں شامل ہوئے تو ان کے پاس کوئی سفارتی تجربہ نہیں تھا، لیکن انہیں بیک وقت یوکرین اور غزہ کے تنازعات میں جنگ بندی کی کوششوں اور ایران کے جوہری پروگرام کے بحران میں مذاکرات کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ناقدین نے انہیں پیوٹن جیسے 25 سال سے حکمرانی کرنے والے طاقتور رہنما کے ساتھ براہ راست مذاکرات میں ناتجربہ کار قرار دیا ہے، اور بعض اوقات ان پر کریملن کے بیانیے کی تائید کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: اسٹیو وٹکوف کے ساتھ کے لیے کی طرف
پڑھیں:
پیوٹن کا بڑا قدم: روس نے خطرناک ہتھیاروں پر پابندی ختم کر دی
روس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اب زمین سے درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کی تیاری، جانچ اور تعیناتی پر کسی پابندی کا پابند نہیں ہے۔
یہ فیصلہ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (INF) معاہدے کے تحت عائد خودساختہ پابندیوں سے مکمل دستبرداری کی علامت ہے۔
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نیٹو اور امریکا کی جانب سے مسلسل انکار کے بعد ماسکو کے پاس اب اس معاہدے کی پاسداری کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔
وزارت کے مطابق واشنگٹن کو بارہا خبردار کیا گیا مگر امریکی اقدامات سے واضح ہو گیا کہ وہ ایسے میزائل یورپ، ایشیا اور بحرالکاہل میں تعینات کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ INF معاہدے پر سابق سوویت یونین کے صدر میخائل گورباچوف اور امریکی صدر رونالڈ ریگن نے 1987 میں دستخط کیے تھے، جس کے تحت 500 سے 5,500 کلومیٹر تک مار کرنے والے زمین سے داغے جانے والے میزائلوں کی تیاری، جانچ اور تعیناتی پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔
روس نے الزام لگایا ہے کہ امریکا نے نہ صرف 2019 میں اس معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری اختیار کی بلکہ اس کے بعد مذکورہ میزائلوں کی تیاری جاری رکھی اور مشقوں کے لیے انہیں ڈنمارک اور فلپائن جیسے علاقوں میں منتقل بھی کیا۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اب روسی قیادت جوابی اقدامات کا فیصلہ کرے گی، جو مغربی ممالک کی سرگرمیوں، میزائلوں کی تعیناتی کی تعداد اور عالمی اسٹریٹیجک استحکام کی مجموعی صورت حال پر منحصر ہوگا۔