ٹرمپ نے بطور صدر ملنے والی پہلی تنخواہ کہاں خرچ کی؟ خود ہی بتادیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے دوسری مدتِ صدارت کے دوران ملنے والی اپنی پہلی تنخواہ وائٹ ہاؤس ہسٹوریکل ایسوسی ایشن کو عطیہ کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا، "مجھے فخر ہے کہ میں واحد صدر ہوں (ممکنہ طور پر جارج واشنگٹن کے علاوہ) جس نے اپنی تنخواہ عطیہ کی۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ عطیہ اس وقت دیا گیا ہے جب 'پیپلز ہاؤس' یعنی وائٹ ہاؤس میں بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، اور ہم ایسی تبدیلیاں لا رہے ہیں جو اس کی ابتدائی تعمیر کے بعد شاذونادر ہی ہوئی ہوں گی۔
یاد رہے کہ امریکی قانون کے تحت صدر کو سالانہ 4 لاکھ ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے، جس کے ساتھ مختلف الاؤنسز بھی شامل ہوتے ہیں، جن میں 50 ہزار ڈالر اخراجات، ایک لاکھ ڈالر سفری اخراجات، اور 19 ہزار ڈالر تفریحی مد میں شامل ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں بھی ہر سہ ماہی کی تنخواہ مختلف سرکاری اداروں کو عطیہ کی تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی بطور فور سٹار جنرل ترقی، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر
لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔وزیراعظم دفتر کے مطابق وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی، لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا گیا، وہ چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عامر رضا، ہلال امتیاز ملٹری، ستارہ بسالت کو ان کی ترقی اور تقرری پر مبارکباد دی اور اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی کیلئے جنرل عامر رضا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جنرل عامر رضا نے 1988 میں کمیشن پاس کیا، انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کی، اس کے علاوہ وہ یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔جنرل عامر رضا کو جنوری 2025 میں چیف آف جنرل سٹاف جی ایچ کیو تعینات کیا گیا تھا، اس کے علاوہ وہ کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان آرمی، ایئرفورس اور نیوی (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کرایا گیا، اسی قانون سازی کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا۔نیا کمان ڈھانچہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کے عہدے کے خاتمے کے بعد تشکیل دیا گیا، جنرل شمشاد مرزا اس عہدے پر خدمات انجام دینے والے آخری افسر تھے، جن کے بعد یہ منصب ختم کر دیا گیا۔ترمیم شدہ قانون کے مطابق وزیراعظم کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پاک فوج کے حاضر سروس جنرلز میں سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا تقرر کریں، یہ تقرری چیف آف آرمی سٹاف کی سفارش پر تین سالہ مدت کے لیے کی جائے گی، جبکہ چیف آف آرمی سٹاف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب سنبھالیں گے۔