بارشوں کے اگلے اسپیل کی پیشگوئی، دریاوں میں سیلاب سے متعلق ایڈوائزری جاری
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
لاہور:
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے اگلے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔
مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے اضافے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی جبکہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
ڈی جی نے ہدایت کی کہ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے ڈی جی نے کہا کہ دریاؤں نہروں ندی نالوں اور تالابوں میں ہرگز مت نہائیں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان پی ڈی ایم اے
پڑھیں:
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم، چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی، نوشہرہ میں سیلاب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اگست ۔2025 )محکمہ موسمیات نے ملک کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لاہور میں آئندہ چند روز تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی، حبس کی شدت بھی برقرار رہے گی، لاہور میں تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں.(جاری ہے)
ڈائریکٹر عبدالعزیز نے یہ بھی بتایا کہ 13 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، لاہور میں ہلکی بارش تو ہو سکتی ہے مگر تیز بارش کا کوئی امکان موجود نہیں مشرقی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے. اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ سوات، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، مالاکنڈ، خیبر، باجوڑ، اورکزئی اورکوہاٹ میں بارش ہونے کی توقع ہے. بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے دوسری طرف نوشہرہ شہر اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر گئے اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، نوشہرہ میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی. نوشہرہ میں وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی، ریلوے کالونی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، ڈسپنسری بھی محفوظ نہ رہی گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہا تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی.